’مشن امپاسِبل 5 ‘ کے ہدایتکار مِک کری

’دی یوژول سسپیٹک‘ کے سکرین رائٹر اور آسکر انعام یافتہ کرسٹوفر مِک کری اداکار ٹام کروز کی نئی فلم ’مشن امپاسِبل 5 ‘ کی ہدایت کاری کریں گے۔

مِک کری نے اس سے پہلے سنہ دو ہزار بارہ میں ٹام کروز کے ساتھ تھرلر فلم ’جیک ریچر‘ میں کام کیا تھا۔

مِک کری نے فلم کی ہدایت کاری کی پیشکش قبول کیے جانے کا اعلان اپنی ایک ٹوئٹ میں یہ کہہ کر کیا ’مشن ایکسیپٹِڈ‘ یعنی ’مشن قبول کیا گیا‘۔

اکاون سالہ ہالی وڈ اداکار ٹام کروز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کرس کے ساتھ پھر سے کام کرنے کے لیے پر جوش ہیں۔

مشن امپاسبل سیریز دنیا بھر میں باکس آفس پر دو ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کر چکی ہے۔

ٹام کروز کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے فلمیں اس مقصد کے تحت بنانی شروع کی تھیں کہ مختلف ہدایت کار ہر فلم اپنے نقطۂ نظر سے بنائیں‘۔

’کرس ایک غیر معمولی فلم ساز ہیں جو دل کو گرفت میں لینے والا ایکشن اور تھرل تخلیق کریں گے جس کی دنیا بھر میں مشن امپاسِبل کے شائقین توقع کر رہے ہیں‘۔

مِک کری کی دیگر فلموں دو ہزار آٹھ میں ریلیز ہونے والی فلم ولکیری شامل ہے۔ وہ اس فلم کے معاون مصنف تھے۔ اس فلم میں ٹام کروز نے جرمنی کی فوج کے ایک حقیقی فوجی کا کردار ادا کیا تھا جس نے ہٹلر کا قتل کیا تھا۔

انہوں نے سائنس فکشن فلم ’ ایج آف ٹومارو‘ کے لیے بھی کام کیا ہے۔

اس سے پہلے مشن امپاسِبل کی فلمیں سنہ انیس سو چھیانوے، سنہ دو ہزار، سنہ دو ہزار چھ اور سنہ دو ہزار گیارہ میں ریلز کی گئی تھیں۔ اور ان فلموں کی ہدایتکاری برائن ڈی پالما، جان وُو، جے جے ابرمز اور بریڈ برڈ نے کی تھی۔

ابھی ’مشن امپاسِبل 5 ‘ کی ریلیز کے لیے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اسی بارے میں