’انڈر دی ڈوم‘ ٹی وی پر

سٹیفن کِنگ
Image caption کِنگ کو ’انڈر دی ڈوم‘ کا پہلی بار خیال انیس سو ستر کی دہائی میں آیا تھا

سٹیفن کِنگ کے ناول پر مبنی نیا امریکی ٹی وی شو ’انڈر دی ڈوم‘ پیر سے چینل فائیو پر بھی دیکھا جا سکے گا۔

سٹیفن کِنگ کو یہ سائنس فکشن ناول ’انڈر دی ڈوم‘ لکھنے کا خیال پہلی بار انیس سو ستر کی دہائی میں آیا تھا۔ یہ ایک ایسے قصبے کی کہانی ہے جس کا ایک نظر نہ آنے والے گنبد میں گھِرنے کے بعد بیرونی دنیا سے مکمل طور پر رابط کٹ جاتا ہے۔ یہ ناول دو ناکام کوششوں کے بعد بالآخر سن دو ہزار نو میں شائع ہوا۔

ناول کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے فلمساز سٹیون سپیلبرگ نے اس پر مبنی ٹی وی سیریز بنانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی طور پر اس کی تیرہ قسطیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن امریکہ میں زبردست کامیابی کے بعد اب امریکی چینل سی بی ایس نے اس ناول پر مبنی دوسری سیریز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دوسری سیریز بھی سٹیفن کنگ ہی کی تحریر ہو گی۔

دوسری سیریز ایک فوجی کے بارے میں ہوگی جو ایک مشن پر کام کرتے ہوئے دنیا سے کٹے ہوئے اس قصبے میں پھنس جاتا ہے۔

ٹی وی کی کہانی ناول سے ہی لی گئی ہے لیکن کہیں کہیں ٹیلی ویژن کی ضروریات کے مطابق اس میں تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں مثلاً اصل ناول میں تمام واقعات چھ روز کے عرصے میں پیش آتے ہیں لیکن ٹی وی پر ان کی مدت تیرہ قسطوں کے پیش نظر بڑھا دی گئی ہے۔

ناول کے مداحوں نے ٹی وی سیریز میں تبدیلیوں پر شدید احتجاج کیا تھا لیکن سٹیفن کنگ نے انہیں یہ تسلی دینے کی کوشش کی کہ سب ان کی مرضی سے ہوا۔

اسی بارے میں