’جسم کی نمائش کے لیے کوئی حد مقرر نہیں‘

Image caption وانی کپور کو ہیروئن بننے کے لیے دوسروں کے مقابلے کم جدوجہد سے گزرنا پڑا

اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ یعنی خالص دیسی رومانس کی ہیروئن وانی کپور کا کہنا ہے کہ ان کی کہانی میں نہ ڈرامہ ہے، نہ سسپنس ہے نہ کوئی تھرل۔

دہلی کی رہائشی وانی ماڈلنگ سے فلموں میں آ گئیں ہیں اور اس کے لیے انہیں بالکل جدوجہد بھی نہیں کرنا پڑی۔

صحافی ریکھا خان کا کہنا ہے کہ وانی کو پہلی ہی فلم یش راج جیسے بڑے بینر کی مل گئی۔

وہ ’شدھ دیسی رومانس‘ میں نئے اداکار سشانت سنگھ راجپوت اور پرنیتی چوپڑا کے ساتھ نظر آئیں گی۔

ریکھا خان نے اس فلم کی ریلیز سے قبل ان سے بات کی اور ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کی۔

وانی نے کہا: ’میرا تعلق دہلی سے ہے۔ گھر میں ماں باپ اور بڑی بہن ہے۔ ماڈلنگ اور تھیٹر کرتی تھی۔ پھر ’شدھ دیسی رومانس‘ کی کاسٹنگ ڈائریکٹر شانو شرما سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے مجھے اس رول کے بارے میں بتایا اور فلم کے ڈائریکٹر منیش شرما سے مجھے ملایا۔‘

انھوں نے مزید کہا، ’پھر مجھے یش راج سٹوڈیو بلایا گیا۔ اور اس کے بعد نہ جانے میرے کتنے آڈیشن ہوئے جتنی بار میں یش راج سٹوڈیو جاتی اتنی بار میرے آڈیشن ہوتے۔آخر کار مجھے منتخب کر لیا گیا۔ شکر ہے میں ہیروئین بن گئی ، ورنہ پتہ نہیں کیا بنتی۔‘

انھوں نے کہا: ’فلموں میں آنے سے پہلے میں نے جسم کی نمائش کے لیے کوئی حد طے نہیں کی۔ دراصل یہ سب منحصر ہے کہ کوئی سین کس طرح سے فلمایا گیا ہے۔‘

Image caption وانی کپور دہلی کی رہنے والی ہیں اور ماڈلنگ کرتی تھیں

’شدھ دیسی رومانس‘ میں بھی اس طرح کے جو مناظر ہیں انہیں انتہائی خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔ اسی بابت انھوں نے کہا، ’اگر مجھے اپنے کردار پر، اس کے ڈائریکٹر پر اور پروڈیوسر پر بھروسہ ہے تو میں شرماؤں گي نہیں۔ میں وہ سین کر لوں گی لیکن وہ سین کہانی کے حساب سے ہونا چاہیے۔‘

انھوں نے کہا: ’جب میں دہلی میں تھی تو بالی وڈ کے بارے میں دوست اور دوسرے لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے تھے، تو مجھے بڑا ڈر لگتا تھا۔ لوگ کہتے تھے بالی وڈ میں’کاسٹنگ کاوچ‘ بہت ہوتا ہے۔ وہاں کامیاب ہونے کے لیے معاہدے کرنے پڑتے ہیں۔ لیکن یہاں آنے کے بعد لگا کہ سب سنی سنائی باتیں ہیں۔‘

’ایک آدھ کوئی کیس ایسا ہو تو اس بنیاد پر پوری انڈسٹری کے بارے میں ایسی رائے بنانا غلط ہے۔‘

انھوں نے کہا مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنا کیرئر یش راج جیسے بڑے بینر کے ساتھ شروع کیا۔ مجھے کبھی بھی کسی بھی طرح کے ’کاسٹنگ کاوچ‘ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘

اپنے بارے میں انھوں نے کہا، ’شدھ دیسی رومانس کی کہانی کا پلاٹ بنیادی طور پر لیو ان رلیشن پر مبنی ہے۔ لیکن میں اپنی سوچ میں ماڈرن کے ساتھ ساتھ روایتی بھی ہوں۔اصل زندگی میں میں اگر کسی کے ساتھ رہوں تو اس سے شادی کرنا چاہوں گی۔ جس کے ساتھ میں رہوں، چاہوں گی کہ وہ میرے یقین پر پورا اترے۔‘

اسی بارے میں