’شاہ رخ خان: اگلی باری میری ہے‘

Image caption بگ باس کے سیزن سات میں سلمان خان فرشتہ اور شیطان کے دو کردار میں نظر آئيں گے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان اس بار بگ باس سیزن 7 کی میزبانی کے دوران فرشتہ صفت اور شیطان صفت کے دوہرے کردار میں نظر آئیں گے۔

صحافی مدھو پال کے مطابق سلمان خان ان دو کرداروں میں اپنی اصل زندگی میں بھی کئی بار نظر آئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک جانب جہاں ان پر کئی مقدمے چل رہے ہیں تو دوسری جانب وہ ’بينگ ہیومن‘ جیسی تنظیم کے ذریعے غریب اور بے سہارا بچوں کی امداد کرتے رہتے ہیں۔

بگ باس سیزن 7 کے لیے اپنے انٹرویوز میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی دوستی ان کا فرشتہ صفت کردار ہے؟

اس سوال کے جواب میں سلمان خان نے ایک بار پھر سے واضح انداز میں کہا کہ انہوں نے شاہ رخ کو کسی دوستی کی نیت سےگلے نہیں لگایا تھا۔

ان کا کہنا تھا: ’میں نے اس دن جو بھی کیا تھا وہ انسانیت کے ناطے کیا تھا۔ وہ افطار پارٹی تھی۔ ایک اچھا انسان وہی کرتا جو میں نے کیا۔ رمضان میں کوئی بھی ہو، سب کو گلے لگایا جاتا ہے اور میرا خیال ہے کہ اگر کسی کو مارنا ہی ہے تو کام سے مارو۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’اس بار تو وہ مجھے اپنی فلم (چنئی ایکسپریس) کے ذریعے مات دے گئے۔ ایسا نہیں ہے کہ میری کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔ شاہ رخ اگلی باری میری ہے۔ کوشش کریں گے کہ ہم بھی مار سکیں اپنی فلم سے اور پھر عامر خان بھی آ رہے ہیں فلم دھوم 3 کے ساتھ ، اب ایک نیا لڑکا بھی آیا ہے رنبیر، وہ بھی مار رہا ہے۔ اچھا ہے کام سے مارنا۔‘

سلمان نے یہ واضح کردیا کہ وہ ابھی تک شاہ رخ سے اپنی دشمنی نہیں بھولے ہیں۔

سلمان سے جب پوچھا گیا کہ ایسے کون سے سوال ہیں جو انہیں بالکل بھی پسند نہیں ہیں تو انھوں نے کہا، ’جب بھی مجھ سے میری شادی کے بارے میں پوچھتے ہیں تو یہ مجھے اچھا نہیں لگتا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ شادی ان کی قسمت میں نہیں ہے ، اس کے لیے ایک پارٹنر بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اوپر والے کی مرضی کے بغیر ایک پتہ بھی نہیں ہلتا تو بیوی کہاں سے آئے۔

سلمان کے مطابق انہیں جو دوسری بات پسند نہیں وہ یہ: ’جب یہ پوچھتے ہیں کہ آپ کی فلم کیوں دیکھنی چاہیے تب مجھے بہت غصہ آتا ہے کیونکہ مجھے بھی 150 دن جم کر کام کرنا پڑتا ہے تو کوئی بیکار کی فلم تو نہیں بناؤں گا۔ اتنے برسوں میں اتنی تو سمجھ آ گئی ہے مجھ میں۔‘

ان سے جب یہ پوچھا گيا کہ ان میں فرشتے اور شیطان کی کتنی خصوصیات ہیں تو سلمان نے کہا: ’مجھ میں دونوں ہی صفتیں تھوڑی بہت موجود ہیں۔ میں بہت اچھا اور تھوڑا برا ہوں۔‘

بگ باس سیزن 7 اسی ماہ 15 ستمبر رات نو بجے سے شروع ہو رہا ہے۔ ریلٹی شو بگ باس کے اس موسم کو جنت اور جہنم کے روپ میں دکھایا جائے گا۔واضح رہے کہ بگ باس پروگرام ٹی وی ریئلیٹی شو کے مقبول ترین پروگرامز میں شامل ہے۔

اس شو کی میزبانی مسلسل چوتھی بار سپر سٹار سلمان خان کر رہے ہیں۔ اس میں 14 معروف شخصیات شرکت کریں گی اور یہ شو 104 دنوں تک چلے گا۔

اسی بارے میں