دلیپ کمار کو ہسپتال سے گھر واپسی کی خوشی

دلیپ کمار
Image caption طبیعت بہتر ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اب انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے عظیم اداکار دلیپ کمار گیارہ دن ہسپتال میں داخل رہنے کے بعد جمعرات کو ڈسچارج کیا جا رہا ہے اور وہ واپس گھر جارہے ہیں۔

دلیپ کمار نے گھر واپسی کی خوشی ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے نام ٹوئٹ میں کی ہے۔

دلیپ کمار نے لکھا ہے ’میں گھر جانے کے لیے بیتاب ہوں۔ ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں اور نرسوں کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے میری دیکھ بھال کی۔‘

دلیپ کمار کو پندرہ ستمبر کو سینے میں بےچیني کی شکایت کے بعد ممبئی کے ليلاوتي ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

طبیعت بہتر ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اب گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

جمعرات کی دوپہر تک ان کی اہلیہ سائرہ بانو انہیں ممبئی کے پالی ہل میں واقع ان کے گھر لے جائیں گی۔ ہسپتال میں دلیپ کمار سے ملنے امیتابھ بچن بھی پہنچے تھے جس کی خوشی دلیپ کمار نے ٹوئٹر پر ظاہر کی تھی۔

90 سالہ دلیپ کمار اپنی اہلیہ سائرہ بانو کے ساتھ باندرہ کے پالی ہل علاقے میں رہتے ہیں۔

دلیپ کمار کا شمار بالی وڈ کے نامور فنکاروں میں کیا جاتا ہے۔ لوگ انہیں اداکاری کا دبستان کہتے ہیں۔ فلموں میں ان کی جذباتی اداکاری کے لیے انہیں ’شہنشاہ جذبات‘ کا خطاب ملا تھا۔

ان کی اداکاری کے لیے انھیں کئی اعزازات و انعامات سے نوازا گیا۔ پچاس اور ساٹھ کے عشرے میں وہ فلم انڈسٹری پر چھائے ہوئے تھے۔

دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان ہے۔ وہ 11 دسمبر 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔ دلیپ کمار کا فلمی کیریئر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے۔ سنہ 1954 میں جب فلم فیئر ایوارڈز شروع ہوئے تو انہوں نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔

اپنے فلمی کیریئر میں دلیپ کمار نے بہترین اداکاری کے شعبے میں آٹھ فلم فیئر ایوارڈ جیتے۔ سنہ 1991 میں ان کو پدم بھوشن ایوارڈ جب کہ 1994 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملا۔

وہ سنہ 2000 سے 2006 تک راجیا سبھا کے رکن بھی رہے۔ پاکستان نے ان کو 1998 میں نشانِ امتیاز سے نوازا۔

اسی بارے میں