امریکی سیریز ’24‘ کا انڈین ورژن جمعہ سے

Image caption امریکی سیریز کے انڈین ورژن میں انیل کپور دہشت گردی مخالف آفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں

مقبول امریکی ٹی وی سیریز ’24‘ کا انڈین ورژن جمعہ سے بھارتی ٹی وی پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کو بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور پیش کر رہے ہیں اور یہ چار اکتوبر سے رات 10 بجے کلرس ٹی پر چینل پر پیش کیا جا رہا ہے۔

بی بی سی کی یوگیتا لیمائے کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہندوستانی ٹی وی پر روایتی فیملی سیریلز کا بول بالا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سب سے مقبول دس ٹی وی سیریلز میں سے نو فیملی موضوعات پر مبنی ہیں اور ان کے بیشتر ناظرین میں خواتین شامل ہیں کیونکہ یوگیتا کے مطابق گھروں میں ریموٹ کنٹرول خواتین کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔

یوگیتا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اداکار انیل کپور کے اس حوصلہ مندانہ قدم کو اگر پزیرائی ملتی ہے تو اس سے نہ صرف ٹی وی ناظرین کا ذائقہ بدلے گا بلکہ یہ ٹی وی پروگرام کے روایتی انداز پر اثر انداز بھی ہوگا۔

انیل کپور اس میں میں لیڈ کردار ادا کر رہے ہیں اور انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم سب لوگوں نے اس میں رسک (خطرہ) لیا ہے۔ ہم سب کی نوکری خطرے میں ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ہم سب اس میں تباہ ہو جائیں‘۔

انھوں نے مزید کہا ’میں اس بارے میں بہت پر امید ہوں۔ ہم نے ابھی تک اپنے ناظرین کو کم شمار کیا ہے۔ انہیں بے وقوف سمجھا جاتا ہے لیکن یہ درست نہیں ہے‘۔

اس نئے سیریل کے ہر قسط میں ایک اینٹی ٹیرارزم آفیسر کی روزانہ کی زندگی کے 24 گھنٹے میں سے ایک گھنٹے کو پیش کیا جا رہا ہے۔

یوگیتا کے مطابق اس کا پروڈکشن بھی بہتر ہے اور اس کی سکرپٹ بھی جاندار ہے۔

اس سیریئل کے فلمساز کے مطابق ایک معمول کے ٹی وی شو کے مقابلے اسے بنانے میں 20 گنا زیادہ پیسے لگے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی اور اداکار انوپم کھیر بھی مہمان کردار میں نظر آئیں گے۔

Image caption انیل کپور 24 کے انڈین ورژن میں اداکار کیفر کا کردار نبھا رہے ہیں

یوگیتا کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کی آمد سے ہندوستان میں اپنی پسند کی چیزوں کو دیکھنے کے سلسلے میں تبدیلی رونما ہوئی ہے اور گزشتہ برسوں میں بھارت کے متعدد شہروں میں ٹی وی سگنلز ڈیجیٹل ہو گئے ہیں جس سے بہتر پکچر کوالٹی کے ساتھ ٹی سے کمائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ’24‘ پروگرام دہشت گردی مخالف فکشن پر مبنی ہے جسے امریکہ کے مقبول ترین پروگرامز میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے بہترین ڈراما سیریز کے لیے ایمی، گولڈن گلوب اور سیٹلائٹ ایوراڈز جیسے بڑے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔

’24‘ میں انیل کپور جیک بوئر کا کردار نبھا رہے ہیں جسے امریکی ورژن میں کیفر سوتھر لینڈ نے نبھایا ہے۔

اس سے قبل امریکی ورژن کی آٹھویں سیریز میں انیل کپور مشرق وسطی کے ایک رہنما عمر حسن کا کردار نبھایا تھا۔

انیل کپور نے آسکر انعام سے سرفراز ڈینی بوئل کی فلم سلم ڈاگ ملینيئر میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

اسی بارے میں