بالی وڈ: ممبئی میں امیتابھ بچن اور سلمان خان کا ’ملن‘

امیتابھ اور سلمان کا ملن

امیتابھ بچن اور سلمان خان طویل عرصے بعد انتہائی گرم جوشی سے ملتے نظر آئے اور یہی نہیں امیتابھ نے سلمان خان کے ساتھ اپنی تصاویر اپنے فیس بک پیج پر بھی شیئر کیں.

امیتابھ نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے ممبئی میں فلم ’بھوت ناتھ ریٹرن‘ کی شوٹنگ شروع کی تو پاس ہی سلمان خان اور تبو اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

وہیں امیتابھ اور سلمان نے شوٹنگ میں وقفے کے دوران ملاقات کی اور دونوں نے نہ صرف باتیں کی بلکہ گلے بھی ملے۔

خیال رہے کہ سلمان خان کی سابق گرل فرینڈ ایشوریہ رائے کے بچن خاندان کی بہو بننے کے بعد عوامی طور پر امیتابھ اور سلمان ساتھ نظر نہیں آئے۔

امیتابھ اور سلمان خان نے ایک ساتھ ’باغبان‘، ’گاڈ تسسي گریٹ ہو‘ اور ’بابل‘ جیسی فلمیں کی ہیں۔

ہنی سنگھ کے نغمے پر اعتراض

Image caption اکشے کمار کی یہ فلم جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے

دہلی ہائی کورٹ نے اکشے کمار کی آنے والی فلم ’باس‘ کے ایک نغمے سے ایک لفظ حذف کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

’پارٹی آل نائٹ‘ نامی یہ نغمہ متنازع گلوکار ہنی سنگھ نے گایا ہے۔

عدالت نے لفظ حذف کرنے کے لیے اکشے کمار کو جمعے تک کا وقت دیا ہے۔

بھارتی سینسر بورڈ نے بھی اس لفظ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کو ٹھیس پہنچانے والا لفظ ہے۔

اس سے پہلے بھی ہنی سنگھ کے ایک گانے میں متنازع الفاظ کے استعمال کے لیے ان پر تنقید ہو چکی ہے۔

عدنان سمیع مشکل میں

Image caption عدنان سمیع اور صبا گالاداری میں اب علیحدگی ہو چکی ہے

پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کا بھارت میں رہائش کا ویزا چھ اکتوبر کو ختم ہو گیا ہے۔

یہ بات عدنان سمیع اور ان کی سابق اہلیہ صبا گالاداري کے مابین جاری ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سامنے آئی.

دراصل عدنان نے مبینہ طور پر صبا کے لیے ممبئی کے علاقے لوكھنڈوالا میں ایک فلیٹ خریدا تھا لیکن اب وہ خود اس میں اپنی تیسری بیوی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔

صبا نے عدالت میں فلیٹ کے مالکانہ حقوق اور کرائے کی رقم کے معاملات پر عدنان پر کیس دائر کیا ہے۔

سماعت کے دوران عدنان نے اپنے ویزا کے بارے میں کہا کہ انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ ان کے ویزے کی مدت ختم ہو رہی ہے اور وہ اب اپنے ویزے کی تجدید کروانے کی کوشش کریں گے۔

اسی بارے میں