’پیار ثابت کرنے کے لیے بھوکی کیوں رہوں ‘

Image caption کرینہ کپور اس سے قبل رمضان کے روزوں کے بارے میں بھی یہ بات کہی تھی کہ یہ ان کی پرورش کا حصہ نہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے جب اپنی آنے والی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن سے چھٹی لی تھی تو یہ خبر گرم تھی کہ وہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی بیشتر خواتین کی طرح اپنے خاوند کی لمبی عمر کے لیے کروا چوتھ کا برت یعنی روزہ رکھیں گی۔

لیکن جب گذشتہ روز منگل کے دن ورت رکھنے کا دن آیا تو کرینہ نے یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ وہ ورت نہیں رکھیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ’مجھے یہ پتہ ہے کہ جب ساری عورتیں بھوکی پیاسی ہوں گی تو میں کھا رہی ہوں گی۔ سیف کے لیے اپنا پیار ثابت کرنے کے لیے مجھے بھوکا رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی بہت سی خواتین اس ورت کو اپنے خاوند کی درازیِ عمر کے لیے اہمیت دیتی ہیں۔ کرینہ کپور نے ورت رکھنے والی خواتین کو اس انداز میں نصیحت کر ڈالی کہ ’وہ سب آج کے دن کھانا کھائیں، مٹھائی کھائیں، محبت میں بھوکوں کیوں مرنا۔‘

اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا: ’میں کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہوں، میں کھانے کے بغیر نہیں جی سکتی، میں کروا چوتھ کا تہوار کھاتے ہوئے اور مزے کرتے ہوئے گزارتی ہوں۔‘

Image caption کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ کھانے کے بغیر نہیں رہ سکتیں

اس سے قبل 16 اکتوبر کو کرینہ کپور اور سیف علی خان نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ لندن میں منائی تھی اور یہ خبر گرم تھی کہ وہ کروا چوتھ کا ورت بھی رکھیں گی۔

اور یہ خبر تقریباً تمام تر اخباروں کی سرخی بنی تھی کہ کرینہ کپور اپنے شوہر سیف علی خان کے لیے کروا چوتھ کا ورت رکھ رہی ہیں اور اسی لیے انہوں نے اپنی آنے والی فلم’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن سے چھٹی بھی مانگ لی ہے۔

سیف ان دنوں لندن میں اپنی فلم ’ہم شکل‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جب ان سے رمضان کے مہینے میں روزے رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ میں نے ایک بھی روزہ نہیں رکھا ہے اور نہ ہی رکھنے کا کوئی ارادہ ہے کیونکہ بچپن سے ہی رمضان میری زندگی کا حصہ نہیں رہا ہے تو پھر اچانک روزے رکھنا کس طرح شروع کر دوں۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کرینہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ سیف اور ان کی شادی کو نو مہینے ہو گئے ہوں پر آج تک انہوں نے کبھی بھی سیف کے لیے کھانا نہیں بنایا ہے۔

اسی بارے میں