ملائیشیا نے امریکی گلوکارہ کے شو پر پابندی عائد کر دی

Image caption لائیو سکیپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر کہا ہے کہ وہ ملائیشین حکام کے اس فیصلے پر افسردہ ہیں

ملائیشیا میں حکام نے امریکی پاپ گلو کارہ کیشا کے پہلے سے طے شدہ محفل موسیقی کے پروگرام پر یہ کہہ کر پابندی عائد کر دی ہے کہ اس سے لوگوں کے تہذیبی اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔

محفل موسیقی کے منتظم لائیو سکیپ کا کہنا ہے کہ انھیں کوالالمپور میں سنیچر کو ہونے والے پروگرام پر پابندی کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

لائیو سکیپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر کہا ہے کہ وہ ملائیشی حکام کے اس فیصلے پر افسردہ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم اب ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ محفل موسیقی کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔

محفل موسیقی کے منتظم کا کہنا تھا کہ انھیں اس شو کے منسوخ ہونے سے دو لاکھ سترہ ہزار امریکی ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔

انھوں نے ملائیشیا کی حکومت سے استدعا کی کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے منتظمین سے تعمیری مذاکرات کرے۔

دوسری جانب امریکی پاپ گلوکارہ کیشا نے ٹوئٹر پیغام پر اپنی جنجھلاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہا صاف بات یہ ہے کہ یہ پروگرام میں نے منسوخ نہیں کیا بلکہ مجھے پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ کیشا نے اس سے قبل فنکاروں پر لاگو ہونے والے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے گانوں کے بول اور لباس کو تبدیل کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

لائیو سکیپ کے پی آر شعبے کے سربراہ جیسن کانگ نے ملائیشا کے اخبار ’دی سٹار‘ کو بتایا کہ کیشا نے منتظمین سے رابطہ کر کے پوچھا کہ اگر وہ اس پروگرام کی منسوخی کے احکامات کو نظر انداز کر دیں تو اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے، تو ہم نے انھیں بتایا کہ آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ حکام اسے بند کر دیں گے۔

دوسری جانب ملائیشیا کی اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ایک بیان میں محفل موسیقی کے پروگرام پر عائد کی جانے والی پابندی کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

اسی بارے میں