سربجیت سنگھ کی زندگی پر فلم میں امیتابھ بھی

Image caption سربجیت سنگھ اکیس سال پاکستانی جیل میں رہے اور ساتھیوں کے قیدیوں کے ایک حملے میں زحمی ہو کر چل بسے۔

پاکستان کی جیل میں تقریباً اکیس سال قید رہنے کے بعد جیل میں ہی ہونے والے ایک حملے میں زندگی کی بازی ہارنے والے بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کی زندگی پر فلم ساز سبھاش گھئی ایک فلم بنانے والے ہیں۔

بی بی سی سے بات چیت میں سبھاش گھئی نے ان خبروں کی تصدیق کی اور بتایا کہ فلم کی سکرپٹ مکمل ہو چکی ہے۔

خبریں آ رہی تھیں کہ امیتابھ بچن فلم میں سربجیت سنگھ کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔سبھاش گھئی نے یہ بات تو رد کر دی لیکن یہ ضرور مانا کہ امیتابھ فلم میں ایک دوسرا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سبھاش گھئی نے کہا، ’امیتابھ سربجیت کا رول تو نہیں نبھائیں گے لیکن ہم نے فلم میں ایک اور بے حد اہم کردار کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے۔ امید ہے وہ مان جائیں گے۔ یہ کردار بھی انتہائی طاقتور ہو گا‘۔

سبھاش گھئی نے بتایا کہ ان کی ہی فلم ’بلیک اینڈ وائٹ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انوراگ سنہا سربجیت سنگھ کا رول ادا کریں گے۔

خبریں یہ بھی ہیں کہ سربجیت سنگھ کی بہن دلبير کا کردار ادا کرنے کے لیے سوناکشی سنہا سے بات چل رہی ہے۔

سبھاش گھئي نے اس پر کہا، ’ اس کردار کے لیے ہم کسی بڑی ہیروئن کو لیں گے۔ ہاں، سوناکشی سنہا بھی ہماری وش لسٹ میں ہیں‘۔

سربجیت سنگھ کی بہن دلبير کور نے بھی ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’جب سربجیت زندہ تھے، اس وقت سے میں سبھاش گھئی کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ ہم ان پر تب سے فلم بنانا چاہتے تھے۔ میں چاہتی تھی کہ دنیا دیکھے کہ سربجیت کو کن حالات سے گزرنا پڑا۔ مجھے امید تھی کہ فلم دیکھ کر لوگوں کو پتہ چلے گا کہ اصل میں ہوا کیا اور سربجیت کی رہائی میں مدد مل پائے گی، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اب فلم کا اختتام ہمیں بدقسمتی تبدیل کرنا پڑے گا‘۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں سربجیت سنگھ کی پیدائش سے لے کر ان کے ’غلطی سے سرحد پاركر پاکستان جانے اور پھر ان کی موت تک کا واقعہ دکھایا جائے گا‘۔

فلم میں امیتابھ بچن کو لیے جانے کا امکان پر ان کہنا تھا ’اگر ان جیسا بڑا اداکار فلم میں کام کرتا ہے، تو یہ ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہوگی۔ وہ ایک انتہائی سنجیدہ اداکار ہیں اور ان کی بہترین آواز ہماری فلم کو اور طاقتور بنائے گی‘۔

فلم کی شوٹنگ اگلے سال مارچ میں شروع ہو جائے گی۔ سبھاش گھئی فلم کو اگلے سال کے آخر تک ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں