سلمان سے دشمنی نہیں، ہاں راستے ضرور الگ ہیں: شاہ رخ خان

Image caption ’ہم ساتھ کام نہیں بھی کر پاتے تو بھی اچھا ہے اور ایک ساتھ کام کر پائیں تو اور بھی اچھا ہے‘

بالی وڈ کے دو ہیرو شاہ رخ خان اور سلمان خان جہاں بھی جائیں اب کے باہمی تعلقات ہمیشہ زیرِ بحث آتے ہیں اور یہی کچھ شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہوا۔

ممبئی میں اپنی سالگرہ کی تقریب میں شاہ رخ نے جب میڈیا سے بات کی تو پھر سلمان کا ذکر چھڑ گیا۔

صحافیوں نے ان سے دریافت کیا کہ کیا کبھی مستقبل میں وہ سلمان خان کے ساتھ میں کسی فلم میں کام کر سکتے ہیں تو پہلے تو شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ کیا ایسا ممکن نہیں کہ آپ میری اگلی سالگرہ تک اس بارے میں سوال پوچھنا چھوڑ دیں۔‘

جب اصرار جاری رہا تو وہ بولے، ’یہ تو آپ فلمسازوں سے پوچھیں۔ میری اور سلمان کی کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ہاں ہمارے راستے ضرور الگ ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم لوگ پہلے سے منصوبہ بنا کر بیٹھے ہیں کہ اس کے ساتھ یہ کرنا ہے وہ کرنا ہے وغیرہ وغیرہ۔‘

شاہ رخ نے کہا کہ ’ہم دونوں ہی گزشتہ 20 سال سے اچھا کام کر رہے ہیں، کامیاب ہیں۔ ہم ساتھ کام نہیں بھی کر پاتے تو بھی اچھا ہے اور ایک ساتھ کام کر پائیں تو اور بھی اچھا ہے۔‘

دو نومبر کو شاہ رخ خان نے اپنی 48ویں سالگرہ منائی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ مستقبل کا شاہ رخ خان كسے دیکھتے ہیں تو انہوں نے کہا،’میرا چھوٹا بیٹا ابرام، لیکن ابھی وہ بہت ہی چھوٹا ہے. آپ لوگوں کو انتظار کرنا پڑےگا۔‘

Image caption شاہ رخ خان نے دو نومبر کو ممبئی میں اپنی اڑتالیسویں سالگرہ منائی

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ابھی انہیں بہت کچھ کرنا ہے اور اپنے کیریئر سے وہ خوش تو ہیں لیکن مطمئن نہیں۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ جب تک وہ صحتمند ہیں تب تک فلموں میں کام کرتے رہیں گے۔

جب شاہ رخ سے پوچھا گیا کہ آنے والے وقت میں وہ اپنی کون سی بری عادت چھوڑنا چاہیں گے، تو انہوں نے کہا، "مجھے نہیں لگتا کہ مجھ میں کوئی بری عادت ہے. میں بہترین انسان ہوں."

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے مداحوں کو کوئی کامیابی کا راز بتانا چاہیں گے تو شاہ رخ بولے، ’خوش رہو، محنت کرو، زیادہ منصوبہ بندی مت کرو۔ دوسروں کے بارے میں بری رائے نہ رکھو۔ یقین جانیں کوئی آپ کا برا نہیں چاہتا. کسی کے پاس اتنی فرصت نہیں ہے۔‘

شاہ رخ خان فی الحال فرح خان کی آنے والی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں. جس میں ان کے ساتھ دیپکا پڈوکون، بومن ایرانی اور ابھیشیک بچن کام کر رہے ہیں۔

اس سال ان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ بھی ریلیز ہوئی ہے جس نے باکس آفس پر 200 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کمائے ہیں۔

اسی بارے میں