’سیف اگر سیکس سین کریں تو اعتراض نہیں‘

Image caption کرینہ کپور کے ساتھ سیف کی فلمیں زیادہ مقبول نہ ہو سکیں لیکن دیپیکا کے ساتھ ان کی جوڑی خوب نبھی ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کو اپنے شوہر اور اداکار سیف علی خان کا دوسری ہیروئینوں کے ساتھ رومانوی سین کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ یہ آزادی انہیں صرف پردۂ سیمیں تک حاصل ہے اس کے آگے نہیں۔

انھوں نے یہ باتیں اپنی تازہ فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن کے دوران ممبئی میں کہی۔

کرینہ نے کہا: ’مجھے فلموں میں سیف کے سیکس پر مبنی مناظر پر قطعی اعتراض نہیں۔ ہم اپنی ذاتی زندگی کو اپنے پروفیشن اور پیشہ ورانہ زندگی سے بالکل الگ رکھتے ہیں۔ مجھے پتہ ہے کہ اداکار ہونے کے ناطے سیف کو یہ سب کرنا پڑتا ہے۔‘

انھوں نے مزید وضاحت کے ساتھ کہا: ’سیف کو ہیروئین کے ساتھ بالکل ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ فلمی گیت یا مناظر اگر رومانوی ہیں تو انہیں بھی پورے طور پر رومانی ہیرو کی طرح نظر آنا چاہیے۔ انہیں پردے پر اپنی ساتھی سٹار کے ساتھ بہترین نظر آنا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان نے ایک ساتھ ’قربان‘، ’ٹشن‘ اور ’ایجنٹ ونود‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔ فلم ’قربان‘ میں ان دونوں کا بیڈ روم سین بھی ہے، لیکن ان کی تینوں فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ سیف کی فلمیں ’کاک ٹیل‘ اور ’لو آج کل‘ کافی مقبول ہوئیں اور باکس آفس پر ہٹ بھی رہیں۔

Image caption کرینہ کہتی ہیں کہ وہ اور سیف اپنی ذاتی زندگی اور پیشہ ورانہ زندگی کو علیٰحدہ رکھتے ہیں

اس بارے میں دیپیکا نے اعتراف کیا تھا کہ سیف کے ساتھ ان کی کیمسٹری بہت عمدہ رہتی ہے۔

لیکن کرینہ کپور کو اپنے خاوند سیف علی خان کی جوڑی کس اداکارہ کے ساتھ زیادہ اچھی لگی ہے اس بارے میں جاننا اپنے آپ میں دلچسپی سے خالی نہیں۔

اس سلسلے میں کرینہ کپور نے کہا: ’مجھے آنے والی فلم ’بلٹ راجا میں سوناكشي سنہا کے ساتھ سیف کی جوڑی سب سے اچھی لگ رہی ہے۔ لیکن میں چاہتی ہوں کہ وہ ہر ہیروئین کے ساتھ اچھے لگیں اور ان کی ہر فلم سوپر ہٹ ہو۔‘

کرینہ نے اعتراف کیا کہ انہیں یا سیف علی خان کو زیادہ ہندی فلمیں دیکھنے کا موقع نہیں ملتا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ’تھری ایڈیٹس‘ اور’دبنگ‘ کے بعد سے کوئی ہندی فلم نہیں دیکھی۔

کرینہ نے بتایا: ’میں سیف کی فلمیں ضرور دیکھ لیتی ہوں کیونکہ ہم اسی بلڈنگ میں رہتے ہیں جہاں سیف کا آفس ہے اس لیے میں فلموں کی ایڈیٹنگ کے وقت ہی ان کی فلمیں دیکھ لیتی ہوں۔ جیسے میں نے ’کاک ٹیل‘ کو ریلیز کے کچھ ماہ پہلے ہی دیکھ لیا تھا۔ لیکن ہم زیادہ تر بالی وڈ فلمیں نہیں دیکھتے۔‘

کرینہ کپور نے بتایا کہ اداکاری ان کا جنون ہے اور وہ سٹار ہونے میں نہیں بلکہ اداکار ہونے میں یقین رکھتی ہیں۔ کرینہ کپور کے مطابق بھارت میں سٹار تو بہت ہیں لیکن اداکار یا فن کار بہت کم ہیں۔

اسی بارے میں