سچن کا کردار نبھانے کی عامر کی دلی تمنّا

Image caption عامر خان نے کہا کہ یہ ان کی دلی تمنّا ہے کہ وہ پردے پر سچن کا کردار ادا کریں

بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں سچن کا آخری میچ دیکھنے کے لیے بالی وڈ کی معروف شخصیتیں موجود ہیں جن میں عامر خان بھی شامل ہیں۔

عامر خان کو گذشتہ روز سے سٹیڈیم میں بھارتی کھلاڑیوں کی حوصلہ ا‌فزائی کرتے دیکھا جا رہا ہے جبکہ کئي بار وہ کرکٹ کمنٹری کرتے بھی نظر آئے۔

سچن تندولکر کے اس الوداعی میچ میں ان کا کھیل دیکھنے کے لیے جو معروف شخصیتیں سٹیڈیم میں نظر آئیں ان میں اداکار ریتھیک روشن ، فلم ساز ودھو ونود چوپڑا اور نغمہ نگار پرسون جوشی بھی شامل ہیں۔

اس موقعے سے کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی بھی وہاں موجود تھے۔

ان تمام وی آئی پیز کی بھیڑ میں سچن کے دوست اور کرکٹ کے عاشق اداکار شاہ رخ خان نہیں تھے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ پر پانچ سال تک وانكھیڈے سٹیڈیم میں داخل ہونے پر پابندی ہے۔

دریں اثناء عامر خان نے کہا ہے کہ وہ پردۂ سیمیں پر سچن تندولکر کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

ممبئی میں اپنی فلم ’دھوم 3‘ کے پروموشن پر انہوں نے صحافیوں سے کہا: ’اگر مستقبل میں سچن تندولکر پر کوئی فلم بنے اور سکرپٹ اچھا ہو تو میں سچن بننا چاہوں گا۔ یہ میری تمنا ہے۔‘

Image caption پونم پانڈے نے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی جیت پر برہنہ ہونے کا اعلان کیا تھا

عامر خان کرکٹ اور سچن دونوں کے بڑے مداح ہیں اور سچن سے ان کی دیرینہ دوستی ہے۔

عامر خان نے سنہ 2001 میں کرکٹ پر مبنی فلم ’لگان‘ بنائی تھی جس کی کافی پذیرائی ہوئي تھی اور اسے آسکر ایوارڈز میں بہترین فلم کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

اس سے قبل عامر خان نے فلم ’اول نمبر‘ میں بھی کرکٹر کا کردار نبھایا تھا۔

دوسری جانب اپنے عجیب و غریب اور حیرت انگیز اعلانات سے سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ پونم پانڈے ممبئی کے وانكھیڑے سٹیڈیم میں سچن تندولکر کو الوداع کہنے پہنچیں۔

اس بار انھوں نے اپنے دائیں ہاتھ پر سچن کا ٹیٹو بنوایا ہے۔

جب سچن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو جہاں شائقین نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا، وہیں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کی سنچری نہ مکمل ہونے کا انہیں ملال بھی تھا۔

اسی بارے میں