امریکی اداکار پال واکر ٹریفک حادثے میں ہلاک

Image caption پال واکر نے فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز میں اداکاری کی تھی

ہالی وڈ کے معروف امریکی اداکار اور فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کے ہیرو پال واکر کیلیفورنیا میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس بات کی تصدیق ان کے پبلیسسٹ یا ناشر نے کی ہے۔

ان کے فیس بک پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 40 سالہ واکر اپنے ایک دوست کی کار میں سوار تھے جب لاس ایجلس کے شمال میں وہ کار حادثے کا شکار ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق وہ ایک چیریٹی تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔

انھوں نے سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ میں اداکاری کی تھی اس کے بعد اس فرنچائزی سے منسلک چھ مزید فلموں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

انھوں نے ایک جاسوسی ڈرامے ’آورز‘ میں بھی اداکاری کی ہے۔ یہ فلم اس مہینے ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم ’اسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کی آخری فلم رواں سال مئی کے مہینے میں ریلیز ہوئی تھی۔

لاس اینجلس کاؤنٹی پولیس نے کہا ہے کہ یہ کار حادثہ ویلنسیا کمیونیٹی میں پیش آیا۔

Image caption تصاویر میں ایک لال رنگ کی پورشے سپورٹس کار کا ملبہ سڑک کے کنارے پڑا دیکھا گیا ہے

محکمے کا کہنا ہے کہ کار کے ٹکرانے کی خبر ملتے ہی جب پولیس وہاں پہنچی تو انھوں نے ایک کار کو پوری طرح سے شعلوں کی آغوش میں دیکھا۔ اس میں موجود دو اشخاص کو جائے حادثہ پر ہی مردہ قرار دیا گیا۔

تصاویر میں ایک لال رنگ کی پورشے سپورٹس کار کا ملبہ سڑک کے کنارے پڑا دیکھا گیا ہے۔

واکر کے فیس بک پر ڈالے گئے بیان میں لکھا ہے ’ہم لوگ اس اچانک اور ناقابل یقین خبر سے سکتے کے عالم میں ہیں۔‘

یونیورسل پکچرز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ’یونیورسل کے ہم تمام لوگ اس خبر سے بے حد افسردہ اور دل گرفتہ ہیں۔ پال ہمارے سٹوڈیو کے سب سے محبوب اور معزز افراد میں شامل رہے۔ وہ ہمارے سٹوڈیو کے خاندان سے گذشتہ 14 سال سے وابستہ تھے اور یہ ہمارے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ہم پال کے اہل خانہ کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کرتے ہیں۔

اسی بارے میں