پرینکا چوپڑا اب امیتابھ اور عامر کی ہم پلہ

Image caption پرینکا چوپڑا نے رولز روئس خرید کر کاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور عامر خان اگر ہندی فلم انڈسٹری کے میگا سٹار ہیں تو اداکارہ پرینکا چوپڑا کا بھی اپنا ہی سٹائل ہے۔

عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کار اور رفتار کا شوق صرف مردوں کو ہی ہوتا ہے لیکن اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اسے غلط ثابت کر دیا ہے۔

پرینکا چوپڑا نے رولز روئس گاڑی خریدی ہے اور اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں وہ امیتابھ بچن، سنجے دت ، عامر خان اور جنوبی بھارت کے سٹار اداکار چرن جیوی کا ہم پلہ بن گئيں ہیں۔

پرینکا ہندی فلموں کی پہلی اداکارہ ہیں جنھوں نے رولز روئس خریدی ہے۔ تقریباً چار کروڑ روپے قیمت والی اس کار کے لیے پرینکا نے بینک سے قرض لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پرینکا کو یہ کار رواں سال کے آخیر تک مل جائے گي۔ واضح رہے کہ پرینکا سے پہلے ملکہ شیراوت نے بھی رولز روئس خریدنے کی کوشش کی تھی، مگر وہ ناکام رہی تھیں۔

سوزین کے سٹور کا افتتاح

Image caption سوال یہ ہے کہ آیا سوزین اپنے سٹور کا افتتاح سلمان خان سے کروائیں گی یا پھر اپنے شوہر کا انتظار کریں گی؟

ریتک روشن کی اہلیہ سوزین روشن ممبئی کے ایک انتہائی پوش علاقے میں ہوم ڈیكور سٹور شروع کرنے والی ہیں۔ سٹور کا نام ’باندرہ 190‘ دیا گیا ہے۔ اس سٹور کے افتتاح کے لیے 11 دسمبر کی تاریخ طے کی گئی ہے۔

اب تک یہ کہا جا رہا تھا کہ اس سٹور کا افتتاح ریتک روشن کے ہاتھوں ہوگا، لیکن اب بظاہر ایسا ہوتا نظر نہیں رہا۔ ریتک اپنے دماغ کے علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں اور وہ 16 دسمبر تک ہی ممبئی لوٹ پائیں گے۔

ایسے میں یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سوزین روشن سلمان خان کے ہاتھوں اپنے سٹور کا افتتاح کروائيں گی۔ ایسے میں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ آیا سوزین اپنے سٹور کا افتتاح سلمان خان سے کروائیں گی یا پھر اپنے شوہر کا انتظار کریں گی۔

راکھی ساونت کی ہدایت کے لیے تیاری

Image caption راکھی اب ہدایت کاری کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں

تنازعات کے لیے سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ راکھی ساونت اب ہدایت کاری کے میدان میں اترنے کے لیے پر تول رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق راکھی ساونت ممبئی کے باہر قائم ایک فلم سکول میں ہدایت کاری کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔

راکھی ساونت کہتی ہیں کہ ان کے پاس کچھ کہانیاں ہیں۔ راکھی اس سے پہلے علاقائی زبانوں میں دو فلمیں پروڈوس کر چکی ہیں۔

اسی بارے میں