پال واکر: ’موت کی وجہ چوٹیں اور آگ بنی‘

Image caption پال واکر نے فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز میں اداکاری کی تھی

ہالی وڈ کے معروف امریکی اداکار اور فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کے ہیرو پال واکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی موت کار حادثے میں زخمی ہونے اور اس کے بعد گاڑی میں لگنے والی آگ سے ہوئی۔

جب کیلیفورنیا میں یہ حادثہ پیش آیا تو چالیس سالہ واکر کی ایک لال رنگ کی پورشے سپورٹس کار کی پیسینجر سیٹ پر تھے۔

پال واکر کے کریئر پر ایک نظر: تصاویر

گاڑی حادثے کے وقت ایک کھمبے سے ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔

گاڑی ڈرائیو کرنے والے واکر کے دوست راجر روڈز حادثے کے باعث آنے والے زخموں سے ہلاک ہوئے۔

واکر نے نے سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ میں اداکاری کی تھی اس کے بعد اس فرنچائز سے منسلک چھ مزید فلموں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

ان فلموں میں تیز رفتار گاڑیوں کو موضوع بنایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق واکر اور ان کے دوست حادثے کے بعد لمحوں کے اندر اندر ہلاک ہو گئے تھے۔

ان کے خون اور دیگر ٹیسٹوں کی رپورٹیں آنے میں ابھی کئی ہفتے لگیں گے۔

تحقیق کار اس بات کی کھوج میں مصروف ہیں کہ محض اسی ایک کار کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ کیا تھی۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ تیز رفتاری ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔

واکر کی کار اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب وہ ایک چیریٹی تقریب میں شرکت کے لیے لاس اینجلس گئے ہوئے تھے۔

انھوں نے ایک جاسوسی فلم ’آورز‘ میں بھی اداکاری کی ہے، جو اسی مہینے ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کی آخری فلم رواں سال مئی کے مہینے میں ریلیز ہوئی تھی۔

لاس اینجلس کاؤنٹی پولیس کے مطابق یہ حادثہ ویلنسیا کمیونیٹی میں پیش آیا۔

Image caption تصاویر میں ایک لال رنگ کی پورشے سپورٹس کار کا ملبہ سڑک کے کنارے پڑا دیکھا گیا ہے

محکمے کا کہنا ہے کہ کار کے ٹکرانے کی خبر ملتے ہی جب پولیس وہاں پہنچی تو انھوں نے ایک کار کو پوری طرح سے شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا۔ اس میں موجود دو اشخاص کو جائے حادثہ پر ہی مردہ قرار دیا گیا۔

واکر کے فیس بک صفحے پر ڈالے گئے بیان میں لکھا ہے ’ہم لوگ اس اچانک اور ناقابل یقین خبر سے سکتے کے عالم میں ہیں۔‘

یونیورسل پکچرز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ’یونیورسل کے ہم تمام لوگ اس خبر سے بے حد افسردہ اور دل گرفتہ ہیں۔ پال ہمارے سٹوڈیو کے سب سے محبوب اور معزز افراد میں شامل ہیں۔ وہ ہمارے سٹوڈیو کے خاندان سے گذشتہ 14 سال سے وابستہ تھے اور یہ ہمارے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ہم پال کے اہل خانہ کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کرتے ہیں۔‘

اسی بارے میں