عامر خان کے ساتھ جوڑی بنانا چاہوں گی:آشا پاریکھ

Image caption آشا پاریکھ نے کئی یادگار فلموں میں اپنی منفرد اداکاری کا جوہر دکھایا ہے

دیو آنند، شمي کپور، دھرمیندر اور راجیش کھنہ جیسے معروف فنکاروں کے ساتھ 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں پردۂ سیمیں پر رومانوی سین کرنے والی اداکارہ آشا پاریکھ کو اگر موجودہ دور کے کسی ہیرو کے ساتھ جوڑی بنانی ہو تو ان کی پہلی پسند کیا ہوگی؟

جب آشا پاریکھ سے یہ سوال پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ’میں عامر خان کے ساتھ جوڑی بنانا پسند کروں گی۔ وہ مجھے بہت پسند ہیں۔ ان کے علاوہ مجھے شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی پسند ہیں۔‘

ممبئی سے صحافی مدھوپال کے مطابق آشا نے بتایا کہ ہیروئنوں میں وہ دیپیکا پادوکون، ودیا بالن اور پرینکا چوپڑا کو بہت پسند کرتی ہیں۔

آشا پاریکھ نےیہ باتیں یو ٹی وی اسٹارز کے پروگرام ’واک آف دا سٹارز‘ میں حصہ لیتے ہوئے کہیں۔

’واک آف دا سٹارز‘ کے تحت ہندی سنیما کے معروف فنکاروں کے ہاتھ اور پاؤں کے یادگار نقش لیے جاتے ہیں اور اسی سلسلے میں آشا پاریکھ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

اس دوران آشا پاریکھ کے ساتھ اور ان کے دور کے کئی فنکار مثلا وحیدہ رحمان، جيتندر اور ہیلن بھی موجود تھے۔

آشا پاریکھ کیا فلموں میں اب واپسی نہیں کریں گي؟ اس بابت انہوں نے کہا: ’مستقبل کے بارے میں کیا کہا جا سکتا ہے۔ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ فی الحال میں کوئی سکرپٹ نہیں دیکھ رہی ہوں۔‘

ان دنوں اپنا وقت گزارنے کے بارے میں انھوں نے کہا: ’جو عام طور پر لوگوں کے معمول ہوتے ہیں میں وہی کرتی ہوں۔ کبھی کبھی میں، ہیلن، شمي جی، وحيدہ رحمن، سادھنا، نندا وغیرہ مل کر باہر کھانا کھانے جاتے ہیں۔ ہم اپنے دور کی باتیں کرتے ہیں۔ بس اسی طرح سے ہمارا وقت گزرتا ہے۔‘

Image caption آشا پاریکھ اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتی ہیں

آشا پاریکھ نے کچھ سال قبل ٹی وی سیریل میں بھی قدم رکھا تھا اور کئی سیریل بنائے تھے لیکن اب وہ اس طرح کا کوئی ارادہ نہیں ركھتيں۔

انہوں نے کہا: ’اب تو ڈیلی سوپ کا زمانہ ہے۔ تخلیقی صلاحیت کی جگہ ہی نہیں رہ گئی ہے۔ کئی سیریل تو خواتین کو اتنے برے طریقے سے پیش کرتے ہیں کہ میرا دل ہی نہیں چاہتا کہ انھیں دیکھوں۔‘

آشا پاریکھ موجودہ دور کی فلموں میں آئٹم سنگ کے چلن سے بھی زیادہ خوش نہیں ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ فلموں میں فوك میوزک کی واپسی ہونی چاہیے۔

اسی بارے میں