سلمان خان سخت ناپسند تھے: عامر خان

Image caption عامر خان کے ساتھ ان کی بیوی کرن راؤ بھی شو کے دوران موجود تھیں

عامر خان اور سلمان خان ایک دوسرے کے بہترین دوست مانے جاتے ہیں اور دونوں عوامی طور پر ایک دوسرے کی تعریف بھی کرتے رہتے ہیں۔

لیکن ایک وقت ایسا تھا جب عامر خان، سلمان کو بالکل پسند نہیں کرتے تھے۔

’شاہ رخ دلکش، سلمان نمبر ون اداکار ہیں‘

کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ میں عامر خان نےسلمان خان کے بارے میں کہا کہ ’فلم انداز اپنا اپنا میں میرا سلمان کے ساتھ کام کرنے کا بے حد برا تجربہ رہا، میں نے انھیں انتہائی لاپروا پایا۔ اس کے بعد اگرچہ میں ان سے جب بھی ملتا تو شائستگی سے بات کرتا لیکن انداز اپنا اپنا کے بعد میں ان سے دور ہی رہنے کی کوشش کرتا تھا۔‘

تاہم عامر خان کے مطابق بعد میں سلمان کے بارے میں ان کے خیال مکمل طور پر بدل گئے۔

انھوں نے کہا کہ ’سلمان دوبارہ میری زندگی میں اس وقت آئے جب میں اپنی بیوی رینا سے علیحدہ ہوا تھا۔ اس وقت میں اپنی زندگی کے بے حد مایوس کن دور سے گزر رہا تھا۔ میں ڈیڑھ سال تک تقریباً اپنے گھر میں ہی بند رہا۔ میری سلمان کے ساتھ ایک ڈرنک پر ملاقات ہوئی اور ہم دونوں ایک دوسرے کے قریب ہو گئے اور ہماری دوستی بڑھتی چلی گئی۔‘

عامر خان نے چیٹ شو میں شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم دونوں ایک دوسرے کے کام کی بہت عزت اور ایک دوسرے کی رازداری کا احترام کرتے ہیں۔ لیکن ہاں، کچھ لمحے آئے جب ہمارے رشتوں میں کشیدگی آ گئی تھی۔‘۔‘

میزبان کرن جوہر نے سوال کیا کہ کیا کبھی انھوں نے اپنے اور شاہ رخ کے درمیان کی ’فاصلے‘ مٹانے کی کوشش کی:

اس پر عامر نے کہا کہ ’ہم دونوں کی زندگی کے راستے اتنے زیادہ نہیں ملتے۔ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کا بہترین خاندان ہے۔ بہترین دوست ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ انھیں میری ضرورت ہے۔ میں انھیں نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ مجھے ناظر کے طور پر ان کا کام دیکھنا پسند ہے۔‘

اسی بارے میں