عالیہ بھٹ اپنی آنے والی فلم سے نروس کیوں؟

Image caption عالیہ بھٹ معروف فلم ساز مہیش بھٹ کی صاحبزادی ہیں

بالی وڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلموں میں آئے کچھ ہی دن ہوئے ہیں لیکن وہ اتنے عرصے میں خاصی مشہور ہو چکی ہیں۔ ان کی پہلی فلم ’سٹوڈنٹ آف دا ایئر‘ باکس آفس پر کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی اور عالیہ کی اداکاری اور خوبصورتی دونوں کو ہی سراہا گيا تھا۔

اب عالیہ بھٹ اپنی دوسری فلم ’ہائی وے‘ کے ساتھ تیار ہیں۔ اس فلم کے ہدایت کار امتیاز علی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق عالیہ اپنی اس فلم کے بارے میں بہت نروس ہیں۔ میڈیا سے اس بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’جب امتیاز نے مجھے یہ فلم آفر کی تو میں ایک قسم کی کشمکش میں آ گئی کیونکہ رول بڑا چیلنجنگ تھا۔ بعد میں میں نے جب اسے کیا تو بہت مزا آیا۔‘

یہ فلم 21 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا: ’جب تک فلم ریلیز نہیں ہو جاتی میری گھبراہٹ دور نہیں ہوگی۔ لیکن امتیاز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ قیمتی رہا۔ فلم میں رندیپ ہوڈا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کی فلم بندی بھارت کی چھ مختلف ریاستوں میں ہوئی ہے۔‘

عالیہ نے سنہ 1999 میں بطور چائلڈ سٹار فلم ’سنگھرش‘ میں کام کیا تھا۔ بطور لیڈ ہیروئن کرن جوہر کی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ ان کی پہلی فلم تھی جس میں ان کے ساتھ سدھارتھ ملہوترا اور ورون دھون جیسے اداکاروں نے بھی بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔

’ہائی وے‘ کے ہدایت کار امتیاز علی بتاتے ہیں کہ رومانوی مناظر کو پردے پر پیش کرنے کا ان کا جو جذبہ ہے اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ان کی اصل زندگی میں رومانس کی سخت کمی رہی ہے۔ حال ہی میں ان کی بیوی پریتی سے ان کی علیحدگی ہوئی ہے۔

امتیاز نے فلم ’سوچا نہ تھا،‘ ’جب وی میٹ،‘ ’لو آج کل‘ اور ’راك سٹار‘ جیسی رومانٹک فلمیں بنائی ہیں۔

فلم ’ہائی وے‘ کے بارے میں انھوں نے کہا: ’یہ ایک ایسی فلم ہے جس کا سکرپٹ ہی تیار نہیں تھا۔ فلم کی کہانی بات چیت کے ذریعے عکاسی کے دوران ہی تیار کی گئی۔ ہائی وے کہانی ہے ایک سفر کی۔ سماج سے دور رہ کر اپنے سفر سے لطف اندوز ہونے کی کی۔‘

واضح رہے کہ سفر امتیاز علی کی تمام فلموں کا حصہ رہا ہے۔

اسی بارے میں