عرفان خان پورن ہدایت کار کے کردار میں

Image caption اسی ماہ منعقدہ 10 ویں دبئي انٹرنیشنل فیسٹیول میں عرفان کو اس فلم کے لیے بہترین اداکار کے اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار عرفان خان اپنے متنوع اور رنگا رنگ کردار کے لیے معروف ہیں اسی وجہ سے وہ مقبول خاص و عام بھی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ اپنی آنے والی ایک فلم میں پورن فلموں کے ایک ہدایت کار کردار ادا کرتے نظر آئيں گے۔

تفریح کی دنیا کی خبروں کے مطابق اس فلم کو تگمانشو دھولیہ بنا رہے ہیں اور اس کا نام ’دا کلنگ آف اے پورن فلم میكر‘ ہے جس میں عرفان پورن فلم بنانے والے ڈائریکٹر کا کردار ادا کریں گے۔

تگمانشو دھولیہ کے مطابق ’یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو لوگوں کے باتھ روم، ان کے بیڈروم اور تنہائی کے مقامات پر پوشیدہ کیمرے لگا کر ہنی مون پر آنے والے جوڑوں کی پوشیدہ ویڈیوگرافی کرتا ہے۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ’عرفان اس پورے گروہ کے باس کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس کردار میں وہ اپنی ماضی کی زندگی جینے کی کوشش کریں گے۔ وہ اسی طرح کی دنیا سے نکل کر ایک ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں لیکن میں ان کی تفصیل نہیں دے سکتا۔‘

عرفان اس سے پہلے تگمانشو کی ہی فلم ’پان سنگھ تومر‘ میں اپنی اداکاری کا جوہر دکھا چکے ہیں۔ اس فلم کے لیے عرفان اور دھولیہ دونوں کو سراہا گیا تھا۔

عرفان اور تگمانشو نے کئی بار ساتھ کام کیا ہے۔ انھوں نے فلم ’چرس،‘ ’حاصل‘ اور ’صاحب بی بی اور گینگسٹر ریٹرنز‘ میں ساتھ کام کیا ہے۔

معروف فلم ناقد سبھاش کے جھا کے مطابق تگمانشو نے کہا: ’در حقیقت عرفان کے ساتھ مل کر ہم نے دا کلنگ آف اے پورن فلم میکر پر فلم چرس کے بعد سنہ 2004 سے ہی کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ ہم نے ایک ہفتے شوٹنگ بھی کی لیکن اس کے بعد اس فلم کے پروڈیوسر پیچھے ہٹ گئے۔ ہم اس پروجیکٹ کو سنہ 2014 میں پھر سے شروع کر رہے ہیں۔‘

’پان سنگھ تومر‘ کے علاوہ رواں سال ریلیز ہونے والی عرفان کی فلم ’لنچ باکس‘ نے بھی ناقدین اور ناظرین دونوں سے پذیرائی حاصل کی تھی۔

اسی ماہ منعقد ہونے والے دسویں دبئي انٹرنیشنل فیسٹیول میں عرفان کو اس فلم کے لیے بہترین اداکار کے اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

اسی بارے میں