عامر کی فیس اور وینا ملک کا نیا تنازع

Image caption وینا کا نام اشمت پٹیل کے ساتھ بھی بہت دنوں تک منسلک رہا ہے

بھارت کے معروف شو ’بگ باس‘ سے بھارت میں اپنی شناخت بنانے والی پاکستانی اداکارہ اور ماڈل وینا ملک کی جانب تنازعات یوں کھنچے چلے آتے ہیں جیسے مقناطیس لوہے کے ذرات کو کھینچتا ہے۔

وینا کا نام بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے بھائی اشمت پٹیل کے ساتھ بھی بہت دنوں تک منسلک رہا ہے۔ اب ایک نیا شگوفہ ان کے ساتھ جڑ گیا ہے۔ گذشتہ دنوں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے اپنے سابق مینیجر پرشانت سنگھ پر بلیک میلنگ کا الزام لگایا ہے۔

وینا کا کہنا ہے کہ پیسوں اور سستی مقبولیت کی خاطر پرشانت نے ان کے ’ہیک شدہ‘ فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی بعض متنازع تصاویر ڈال دی ہیں۔

گذشتہ کچھ دنوں تک پرشانت بھارت میں وینا کے ڈیجیٹل میڈیا کا کام دیکھتے تھے۔ پرشانت نے دعویٰ کیا تھا کہ وینا ان کی گرل فرینڈ ہیں۔ اس پر پاکستانی اداکارہ نے کہا: ’وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ اس کا یہ دعویٰ غلط ہے۔ وہ میرے بھائی کی طرح ہے اور مجھے اپنی بہن کی طرح محبت کرتا تھا۔‘

وینا نے کہا کہ وہ اپنی شادی کے سلسلے میں ان دنوں مصروف تھیں اور اسی لیے وہ فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اپنا پاس ورڈ تبدیل نہیں کر سکیں۔ اب پرشانت ان کی بعض تصاویر کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر ڈال کر انھیں پیسوں کے لیے بلیک میل کر رہا ہے۔

وینا کے مطابق پرشانت کو انہوں نے 10000 روپے ماہانہ کی تنخواہ پر ملازمت پر رکھا تھا اور تین لاکھ روپے ایڈوانس ادا کیے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پرشانت کے خلاف قانونی کارروائی کا راستہ کھلا ہے۔

وینا نے حال ہی میں دبئی کے کاروباری اسد بشیر خان خٹك کے ساتھ شادی کی ہے۔

دھوم تھری کی دنیا میں دھوم

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ بھارت میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی خوب دھومیں مچا رہی ہے۔ عامر خان جس فلم میں بھی کام کرتے ہیں اس فلم سے ان کے مداحوں کی امیدیں بڑھ جاتی ہیں۔

’مسٹر پرفیكشنسٹ‘ نے بالی وڈ فلموں میں اپنی منفرد شناخت منفرف فلموں کی وجہ ہی سے بنائی ہے۔ گذشتہ دو دہائیوں سے عام طور پر شاہ رخ، سلمان اور عامر ہمیشہ ہی فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی پہلی پسند رہے ہیں۔ اور یہ بات اب کسی سے پوشیدہ نہیں کہ انھیں ایک فلم کے لیے کتنے پیسے ملتے ہیں۔

تاہم عامر خان کا کہنا ہے کہ کہ وہ کبھی پیسوں کے لیے کام نہیں کرتے۔

انھوں نے کہا: ’آپ سب کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ میں تمام بالی وڈ ہیروؤں میں سے سب سے کم پیسے لیتا ہوں۔ باقی فنکاروں کے مقابلے میری فیس سب سے کم ہے۔ میں اچھے کردار کی تلاش میں رہتا ہوں، نہ کہ پیسے کی۔ میں اپنے کردار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔‘

کنگنا: میں فلمیں نہیں دیکھتی

Image caption فلمیں دیکھنا بہت بورنگ کام لگتا ہے: کنگنا

بالی وڈ میں سٹائل کی علامت تسلیم کی جانے والی اداکارہ کنگنا راناوت کو فلمیں دیکھنا بالکل پسند نہیں ہے۔ کنگنا نے اپنی زندگی میں صرف دس فلمیں دیکھی ہیں جس میں سے پانچ چھ ان کی اپنی فلمیں ہیں۔

اس کے علاوہ کنگنا نے انوشكا شرما کی فلم ’بینڈ باجہ بارات‘ دیکھی ہے۔

کنگنا کہتی ہیں کہ فلمیں دیکھنا انھیں ’بہت بورنگ لگتا ہے‘ اور فلمیں ان کے لیے تفریح کا ذریعہ نہیں ہیں۔ اس کی وجہ وہ اپنی پرورش کو بتاتی ہے جہاں انھیں ٹی وی اور فلمیں دیکھنے پر پابندی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سیف علی خان نے بھی کہا تھا کہ انھیں ہندی فلمیں دیکھنا پسند نہیں۔

اسی بارے میں