کسی سے بھی رومانس کرسکتی ہوں: پریانکا

Image caption ’میں ایوارڈز شو کی میزبانی کرنے پر خوش ہوں لیکن بہت نروس بھی‘

گانا اور اداکاری میں قسمت آزمانے والی بھارتی فلمی صنعت بالی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا اب ایک فلم ایوارڈز شو کی میزبانی بھی کریں گی۔

اس ایوارڈز شو کی میزبانی وہ رنبیر کپور کے ساتھ کریں گی۔

اسی سلسلے میں پریس کانفرنس میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شو کی میزبانی کے لیے انہیں نہیں لگتا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی جوڑی بہتر ہوتی کیونکہ دونوں رومانوی کرتے ہوئے اچھے لگتے ہیں، تو انہوں نے کہا ’صرف شاہ رخ خان کی بات کیوں؟ میں کسی کے ساتھ رومانس کر سکتی ہوں۔ یہ میرا کام ہے۔‘

شاہ رخ کے ساتھ پریانکا ’ڈان‘ اور ’ڈان -2‘ جیسی فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔ میڈیا میں دونوں کے مبینہ رومانس کے چرچے بھی چھائے رہے تھے۔

اس پروگرام میں پریانکا کافی تاخیر سے پہنچیں اور انہوں نے اس کا الزام ٹریفک پر ڈالا۔

انہوں نے کہا ’میں جان بوجھ کر لیٹ نہیں آئی شوٹنگ کے بعد میں ٹریفک میں پھنس گئی تھی۔‘

ایوارڈ شو کی میزبانی کے سوال پر انہوں نے کہا ’میں اس سے خوش ہوں لیکن بہت نروس بھی۔ مگر زندگی میں مشکل کام نہ کیے جائیں تو پھر مزہ ہی کیا۔‘

واضح رہے کہ اس سے پہلے شاہ رخ خان، سیف علی خان، رنبیر کپور اور عمران خان جیسے اداکار اس طرح کے شوز کی میزبانی کر چکے ہیں۔

پریانکا نے کہا ’شاہ رخ، سیف، رنبیر وغیرہ نے معیار بہت بلند کر دیے ہیں اس لیے اس دباؤ کو برداشت کرنا بہت مشکل ہے۔ میرے حساب سے زیادہ دباؤ رنبیر پر ہوگا لیکن میں سخت محنت کر رہی ہوں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں شو کی میزبانی کرنے کا موقع کسی اداکارہ کے ساتھ ملے، تو وہ کسے چنےگیں تو پریانکا نے ودیا بالن کا نام لیا۔ پریانکا کے مطابق ودیا بالن کا مزاح کمال کا ہے۔

سال کی بہترین اداکارہ وہ کسے مانتی ہیں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ دیپکا پڈوکون نے رام لیلا میں زبردست کام کیا اور وہ اس انعام کی حق دار ہیں۔

اسی بارے میں