شاہ رخ خان: میرے لیے ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے

Image caption شاہ رخ خان عام طور پر ایوارڈز تقریبات میں پیش پیش رہتے ہیں

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے ایوارڈز تقریبات پر جانبداری کے الزامات کی تردید کی ہے کیونکہ ان کے مطابق ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اکثر و بیشتر فلم ایوارڈز کی تقریبات پر جانبداری کے الزامات لگتے رہتے ہیں۔ بعض فنکاروں کے مطابق ان ایوارڈز تقریبات میں انھیں کو انعامات دیے جاتے ہیں جو ان میں رقص کرتے ہیں۔ تاہم شاہ رخ خان کا خیال اس کے برعکس ہے۔

ممبئی میں فلم ایوارڈز سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ان تقریبات میں ناچنے یا رقص کرنے کا موقع بھی انہیں کو ملتا ہے جن کے لیے وہ سال اچھا رہا ہو جن کی فلمیں پسند کی گئی ہوں۔ اس لیے ان انعامات پر تعصب یا جانبداری کا الزام لگانا غلط ہے۔ میرے لیے تو ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے۔‘

شاہ رخ خان اس موقع پر اپنے پہلے ایوارڈ کو یاد کرتے ہوئے تھوڑے جذباتی بھی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والدین کو اپنی کامیابی دکھانا چاہتے تھے لیکن دونوں ہی ان کی کامیابی سے قبل دنیا سے رخصت ہو چکے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ’پہلے میں اپنے ایوارڈز اپنے ماں باپ کی نذر کیا کرتا تھا اب میں اپنے بچوں کے نام کرتا ہوں۔ میں اب بھی چاہتا ہوں کہ ایک دن ایسی عظیم فلم میں کام کروں جس کے لیے میرے ماں باپ جنت سے دیکھ کر مجھ پر فخر کریں۔‘

Image caption اپنی بیگم گوری کے ساتھ شاہ رخ خان

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اب ان کے تین بچے ہیں تو کچھ زیادہ ہی ایوارڈز جیتنے پڑیں گے۔

کیا انھیں ان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملنے کا امکان ہے۔

اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا: ’مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ میں کتنے ایوارڈز کے لیے نامزد ہوں تو میں اس بارے میں کیا کہوں۔‘

انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ان میں سپورٹس مین سپرٹ کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور جب کسی دوسرے آرٹسٹ کو ایوارڈ ملتا ہے تو انھیں بالکل برا نہیں لگتا۔

پریس کانفرنس کے آخر میں جب ایک صحافی نے ان سے پوچھ لیا کہ انھیں اور سلمان خان کو ایک ساتھ کب دیکھا جا سکے گا تو شاہ رخ خان نے کہا: ’کتنا پرانا سوال پوچھ لیا یار، کچھ تو دلچسپ سوال پوچھ لو۔‘

اسی بارے میں