سب سے اچھے امیدوار کو ملک کا وزیراعظم ہونا چاہیے: سلمان خان

سلمان خان اور نریندر مودی تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نریندر مودی بہت قابل اور لائق امیدوار ہیں: سلمان خان

بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمٰی کے امیدوار نریندر مودی کی حمایت کی ہے اور انھیں بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔

اتراین نام کے ایک تہوار کے موقعے پر سلمان خان احمدآباد میں مودی کے مہمان تھے۔ مودی نے ٹوئٹر پر سلمان کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ سلمان ان کے ساتھ دوپہر کے کھانے میں شریک ہوں گے۔

لنچ کے بعد مودی کے ہمراہ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سلمان نے کہا: ’سب سے اچھے امیدوار کو ملک کا وزیر اعظم ہونا چاہیے۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مودی کو سب سے اچھا امیدوار سمجھتے ہیں تو سلمان نے جواب دیا: ’قابل اور لائق امیدوار میرے سامنے کھڑے ہیں۔‘

سلمان نے کہا کہ وہ کئی برس کے بعد احمد آباد آئے ہیں اور وہ یہاں کی ترقی دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں۔ بالی وڈ سٹار نے کہا کہ ’ملک کی ہر ریاست کو گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی جیسے رہنما کی ضرورت ہے۔‘

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سلمان خان نے بالی ووڈ کی ہیروئن مادھوری دکشت اور کئی دوسرے اداکاروں کے ساتھ گذشتہ ہفتے اتر پردیش میں ملائم سنگھ یادو کے گاؤں سیفیئی میں ایک سالانہ میلے میں رقص و موسیقی کے پروگرام میں حصہ لیا تھا۔

اس پروگرام کی وجہ سے ان پر شدید نکتہ چینی ہوئی تھی۔ مخالفین کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب مظفر نگر کے فسادات میں بے گھر ہونے والے ہزاروں لوگ شدید سردی میں پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں، ان فلم سٹارز کو اتر پردیش کی حکومت کے اس پرگرام میں حصہ نہیں لینا چاہیے تھا۔ لیکن سلمان خان نے اپنی شرکت کا دفاع کیا تھا۔

کانگریس کے ترجمان راشد علوی نے سلمان خان کی طرف سے مودی کی حمایت کیے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں کسی کی حمات کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن ’اگر سلمان احمد آباد کا دورہ کریں تو انھیں آج بھی وہاں تباہی کے نشانات مل جائیں گے۔ اس کے بعد وہ کوئی فیصلہ کریں۔‘

جنتا دل یونائیٹڈ کے رہنما صابر علی نے سلمان خان کے خلاف سڑک کے حادثے کے مقدموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’سلمان پر تو خود کئی طرح کی تلواریں لٹک رہی ہیں تو وہ کیا کسی کی حمایت کریں گے؟ انھیں تو خود حمایت کی ضرورت ہے۔‘

بالی ووڈ کے اداکار کسی طرح کے تنازعوں سے بچنے کے لیے عموماً سیاسی وابستگیوں سے خود کو الگ رکھتے ہیں اور کھل کر کسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے۔ موجودہ سیاسی ماحول میں سلمان خان پہلے بڑے اداکار ہیں جنھوں نے مودی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اسی بارے میں