چینّئی ایکسپریس اور رام لیلا بہترین فلمیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنہ 2014 کے سکرین ایوارڈ میں دیپکا اور شاہ رخ کو بہترین اداکار اور اداکارہ کے انعامات سے نوازا گیا

ممبئی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں ہونے والے رنگا رنگ سکرین ایوارڈز میں شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون چھائے رہے۔

شاہ رخ خان کو اگر فلم ’چینّئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا تو دیپکا پاڈوکون فلم ’رام لیلا‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ امیتابھ بچن کو لائف ٹائم ایوارڈ دیا گیا۔

20 ویں سالانہ لائف او کے سکرین ایوارڈز کی تقریبات ممبئی کے ایم ایم آر ڈی اے میدان میں منعقد کی گئیں جس میں بہترین اداکارہ کا انعام پانے والی دیپکا پاڈوکون کے ساتھ ساتھ معروف اداکار شاہد کپور، پاکستان کے معروف اداکار علی ظفر اور رام لیلا کے اداکار رنویر سنگھ نے اپنی پرفارمنس سے ناظرین کے دل موہ لیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دیپکا پاڈوکون کو اداکارہ جوہی چاولہ نے اعزاز سے نوازا

سب سے پہلے علی ظفر نے اپنی فلم ’ٹوٹل سیپّا‘ کے گیت ’پلٹ میری جان‘ پر پرفارم کیا جبکہ ناظرین کو ان کا ’کل دل‘ روپ بہت پسند آيا۔

بہترین اداکار کا جیوری ایوارڈ فرحان اختر کو فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں اداکاری کے لیے دیا گیا جبکہ اسی زمرے میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایک بار پھر دیپکا پاڈوکون کے حصے میں آیا۔

فلم بھاگ ملکھا بھاگ کو بہترین فلم کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل ریڈ کارپٹ پر اپنے زمانے کی معروف اداکارہ کاجول کے علاوہ تنیشا، سوناکشی سنہا، ہما قریشی، بپاشا بسو، آدیتی راؤ حیدری، دیپکا پدوکون اور کالکی نکھل نے اپنے جلوے بکھیرے۔

بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ شوجیت سرکار کو فلم ’مدراس کیفے‘ کی ہدایت کے لیے دیا گيا۔

معروف اداکار امیتابھ بچن کو چار دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے فلم انڈسٹری میں خدمات انجام دینے کے لیے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔

انھیں یہ ایوارڈ کئی فلموں میں ان کے کو سٹار رہنے والے اداکار شتروگھن سنہا اور فلم ساز اور ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا نے دیا۔

اس کے علاوہ رتیش بترا کو فلم ’لنچ باكس‘ کے لیے سب سے زیادہ باصلاحیت نئے ہدایت کار کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اداکارہ شلپا شکلا کو ’بی اے پاس‘ کے لیے منفی کردار کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گيا جبکہ اداکاروں میں یہ ایوارڈ معروف اداکار رشی کپور کو نیکھل اڈوانی کی فلم ’ڈی ڈے‘ کے لیے دیا گیا۔

فلم ’كرش -3‘ کو بہترین سپیشل افیکٹ کا ایوارڈ ملا اور اس کے حقدار ریڈ چليز قرار پائے۔

اسی بارے میں