آسکرز:’امریکن ہسل‘،’گریویٹی‘ کی دس نامزدگیاں

Image caption ’امریکن ہسل‘ آسکرز کی تاریخ میں ایسی پندرہویں فلم ہے جسے اداکاری کے شعبے میں چاروں مرکزی ایوارڈز کے لیے نامزدگی ملی ہے

’امریکن ہسل‘ اور ’گریویٹی‘ نے چھیاسیویں آسکرز ایوارڈز کے لیے سب سے زیادہ دس، دس نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔

ان دونوں فلموں کو بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ ’امریکن ہسل‘ کے اداکاروں کرسچیئن بیل، ایمی ایڈمز، بریڈلی کوپر اور جینیفر لارنس کو بہترین اداکار، بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکار اور اداکارہ کے لیے بھی نامزدگی ملی ہے۔

گریویٹی کو بہترین فلم کے علاوہ اس کے ہدایت کار الفانسو کوارون کو بہترین ڈائریکٹر اور اداکارہ ساندرا بولوک کو بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا۔

نامزدگی کی دوڑ میں دوسرا نمبر ’12 ایئرز اے سلیو‘ کا رہا جسے بہترین فلم اور بہترین ہدایت کار سمیت نو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس فلم کے برطانوی ہدایت کار سٹیو میکوئین کا کہنا تھا کہ ’او میرے خدا، نو نامزدگیاں۔ ہم نے اس فلم میں بہت محنت کی اور اس پوزیشن پر پہنچنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘

بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ کے لیے ان تین فلموں کے علاوہ نامزد ہونے والی چھ دیگر فلموں میں کیپٹن فلپس، نبراسکا، دی ولف آف وال سٹریٹ، ڈیلس بائرز کلب، فلومینا اور ہر شامل ہیں۔

بہترین ہدایت کار کے لیے الفانسو کوارون اور سٹیو میکوئین کا مقابلہ امریکن ہسل کے ہدایت کار ڈیوڈ او رسل، نبراسکا کے ڈائریکٹر الیگزینڈر پین اور دی ولف آف وال سٹریٹ کے ہدایت کار مارٹن سورسیس سے ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ d
Image caption ایوارڈز کی تقریب دو مارچ کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی وڈ کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوگی

’امریکن ہسل‘ آسکرز کی تاریخ میں ایسی پندرہویں فلم ہے جسے اداکاری کے شعبے میں چاروں مرکزی ایوارڈز کے لیے نامزدگی ملی ہے۔ آج تک کوئی بھی ایک فلم یہ چاروں ایوارڈ نہیں جیت سکی ہے۔

ڈیوڈ او رسل کی ہی فلم ’سلور لائننگز پلے بک‘ کو بھی گذشتہ برس ان چاروں ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا لیکن صرف جینیفر لارنس ہی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت سکی تھیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ او رسل نے کہا کہ وہ ان نامزدگیوں پر شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ’ایک کپتان کی طرح آپ ہمیشہ فکرمند ہوتے ہیں کہ آپ کے ایک عمدہ رکن کو اعزاز نہیں مل پائے گا لیکن پھر بھی آپ سب کے لیے دعا کرتے ہیں۔‘

بہترین اداکارہ کے لیے امریکن ہسل کی اداکارہ ایمی ایڈمز کا مقابلہ کیٹ بلانچٹ کے علاوہ سینیئر اداکاراؤں جوڈی ڈینچ اور میرل سٹریپ سے ہے۔ یہ میرل سٹریپ کے فلمی کریئر کی اٹھارہویں آسکر نامزدگی ہے۔

بہترین اداکار کے شعبے میں کرسچیئن بیل کا سامنا بروس ڈرن، لیونارڈو ڈی کیپریو، ایجیوفور کے علاوہ میتھیو میک کونہے سے ہے جنھوں نے اسی ہفتے اپنی فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں ایڈز کے مریض کا کردار نبھانے پر بہترین اداکار کا گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا ہے۔

آسکرز کو فلمی دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ سمجھا جاتا ہے اور 2014 میں ان ایوارڈز کی تقریب دو مارچ کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی وڈ کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوگی۔

اسی بارے میں