سپرمین ورسز بیٹ مین فلم کی ریلیز میں تاخیر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بین ایفلک بیٹ مین کے رول میں نظر آئیں گے جبکہ برطانوی اداکار ہنری کیول سپر مین کا کردار نبھا رہے ہیں

سپرمین اور بیٹ مین کی مشترکہ فلم کی ریلیز میں کم از کم ایک سال کی تاخیر کر دی گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق فلم سٹوڈیو ورارنر بروز نے کی ہے۔

پہلے اس فلم کی نمائش جولائی سنہ 2015 میں ہونی تھی لیکن اب تازہ اعلان کے مطابق اس کی ریلیز چھ مئی سنہ 2016 میں ہوگی۔

فلم مین آف سٹیل کے سیکوئل میں نظر آنے والے اداکار بین ایفلک ’بیٹ مین‘ کے رول میں نظر آئیں گے اور وہ برطانوی اداکار ہنری کیول کے مد مقابل ہوں گے جو کہ ’سپر مین‘ کا کردار نبھا رہے ہیں۔

اطلاعات کےمطابق یہ تاخیر ایفلک کے پاؤں میں چوٹ کی وجہ سے ہوئی ہے لیکن سٹوڈیو نے اس خبر کو مسترد کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’در اصل اس میں تاخیر اس لیے کی جا رہی ہے تاکہ فلم سازوں کو اس کے پیچیدہ ویزوئلس کے متعلق واضح نقطۂ نظر قائم کرنے کا موقع مل سکے۔‘

اس فلم میں ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کی اداکارہ گیل گیڈوٹ کی شمولیت سے اس فلم کو تیسرا سپر ہیرو مل گیا ہے۔

گیڈوٹ اس فلم میں ’ونڈر وومن‘ کا کردار ادا کریں گی۔

اس کی فلم بندی بغیر کسی اعلان کے شروع کر دی گئي ہے اور امریکی فٹبال کے بعض واقعاتی مناظر کی شوٹنگ کر لی گئی ہے۔

بہر حال اس کے ہدایت کار زیک سنڈر موسم بہار کی آمد سے قبل سین پر ایکشن کہنے کے لیے نہیں ہونگے یعنی ابھی تک کی شوٹنگ ان کی غیر موجودگی میں ہوئی ہے۔

Image caption اس فلم میں ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کی اداکارہ گیل گیڈوٹ کی شمولیت سے اس فلم کو تیسرا سپر ہیرو مل گیا ہے

مبصرین کے مطابق ’سپرمین ورسز بیٹ مین فلم کی ریلیز میں تاخیر کا مطلب بڑی فلموں کی بھیڑ سے بچنا بھی ہے کیونکہ اس موسم گرما میں ’دا اوینجرز‘، ’ٹرمینیٹر‘، ’جوراسک پار‘ اور ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کی اہم فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔‘

دریں اثنا یہ خبریں بھی ہیں کہ اس کے حریف مارول کامکس والے بھی کوئی فلم لانے والے ہیں۔ ابھی فلم کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

وارنر بروز کا کہنا ہے کہ فلم میں تاخیر کے باوجود وہ 17 جولائی سنہ 2015 کی تاریخ کا استعمال کریں گے اور اس ہفتے ’پیٹر پین‘ کی ایک نئی فلم ریلیز کریں گے۔ اس کے ہدایت کار ہیں برطانیہ جو رائٹ جنھوں نے ’اٹون منٹ‘ اور ’پرائڈ اینڈ پریجوڈس‘ نامی فلمیں بنائی ہیں۔

وارنر بروس کے صدر کوان وانڈنبرگ نے ایک بیان میں کہا: ’ہمیں معلوم ہے کہ لوگوں کو زیک سنائڈر کی سپر ہیرو والی فلم سے کافی امیدیں ہیں ہم بھی اس کے بڑے مشتاق ہیں کہ وہ سپرمین اور بیٹ مین کو بڑے پردے پر کیسے پیش کرتے ہیں۔‘

اسی بارے میں