پرینکا: ’مجھے عرب دہشت گرد کہا گيا‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا نے پہلی بار تسلیم کیا کہ انہیں امریکہ میں زبردست نسل پرستانہ نفرت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے ساتھ ایک انٹرویو میں پرینکا نے کہا کہ سنہ 2013 میں جب انھوں نے امریکہ میں این ایف ایل (نیشنل فٹ بال لیگ) کے ایک میچ سے پہلے اپنے سنگل نغمے ’اِن مائی سٹی‘ پر پرفارم کیا تھا تو اس کے بعد انھیں بہت سارے ٹویٹس اور ای میلز آئے جس میں ان پر کئی قابل اعتراض تبصرے کیے گئے تھے۔

پرینکا نے بتایا: ’مجھے ٹویٹس میں لوگوں نے عرب دہشت گرد بھی کہا۔ مجھے کہا گیا کہ تم امریکن نہیں ہو، این ایف ایل میں تمھیں پرفارم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘

پرینکا نے کہا کہ ’اس طرح کی تبصرے دو لحاظ سے قابل اعتراض ہیں۔ ایک تو یہ کہ آپ ہر عرب شخص کو دہشت گرد کس طرح کہہ سکتے ہو۔ اور دوسری بات یہ کہ میرا رنگ آپ سے مختلف ہے تو کیا آپ مجھے گالی دو گے؟‘

تاہم پرینکا نے انتہائی پرسکون انداز میں تمام سوالات کے جواب دیے اور کہا کہ وہ تنقید کرنے والوں سے گھبراتی نہیں بلکہ اپنے کام سے انھیں جواب دینا چاہتی ہیں۔

پرینکا سنہ 2000 میں حسینہ عالم منتخب ہوئی تھیں اور ان کے خیال میں وہ ان چیزوں سے اچھی طرح سے نمٹنا جانتی ہیں۔

فلموں میں وہ مختلف النوع اور بولڈ کرداروں کے لیے جانی جاتی ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے ایک شو کی نظامت کے سلسلے میں کہا تھا کہ وہ کسی کے ساتھ بھی رومانس کر سکتی ہیں کیونکہ یہ ان کا کام ہے۔

سلمان چائے والے کے رول میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان کی فلم جے ہو 24 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے

حالیہ دنوں چائے بھارت میں سیاسی استعارے کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، اور اب بالی وڈ بھی اس دوڑ میں شامل ہو گیا ہے۔

مستقبل قریب میں ایک بھارتی چینل پر نشر ہونے والے ایک ریئلٹی شو میں بالی وڈ کے سٹار سلمان خان ایک دن کے لیے چائے فروش والے کے کردار میں نظر آ سکتے ہیں۔

دراصل اس شو کی تھیم کے تحت کسی بھی سیلیبریٹی کو ایک دن کے لیے اپنی زندگی کو تبدیل کرنے کا اختیار ہے۔ یعنی اگر کسی اداکار کو ایک دن کے لیے کوئي مختلف زندگی جینی پڑے تو وہ کس قسم کی زندگی بسر کرنا چاہے گا۔

سلمان خان اس شو کی ایک قسط میں نکڑ پر چائے فروخت کرتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات کے مطابق چائے سے ہونے والی ایک دن کی آمدنی وہ کسی حقیقی چائے بیچنے والے شخص کو بطورِ ہدیہ پیش کریں گے۔

اس شو میں معروف فلم ساز کرن جوہر، کرکٹر ہربھجن سنگھ ، میکا اور ورون دھون جیسے نئے سٹارز حصہ لیں گے جبکہ اس شو کی میزبانی معروف اداکارہ سونالی بیندرے کر رہی ہیں۔

اسی بارے میں