شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان کو حال ہی میں بہترین اداکار کا سکرین ایوارڈ ملا تھا

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انھیں ممبئی کے معروف ناناوتی ہسپتال لے جایا گيا ہے۔

ممبئی سے ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ان کے زخم معمولی ہیں اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔

وہ فرح خان کی آنے والی فلم ہیپی نیو ایئر کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ ایک فائیو سٹار ہوٹل میں جاری تھی جب شاہ رخ خان ایک دروازے سے ٹکرا گئے اور زخمی ہو گئے۔

ہسپتال سے ابھی ڈاکٹر نے ان کے زخم کی نوعیت کے بابت کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ ہسپتال میں شاہ رخ کے ساتھ ان کے قریبی دوست اور ان کی بیگم گوری خان بھی موجود ہیں۔

شاہ رخ خان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گيا ہے کہ ’شارخ خان کو سیٹ پر شوٹنگ کے دوران معمولی چوٹ آئی ہے۔ انھیں ہلکا زخم ہے اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ آپ کی نیک خواہشات کے لیے شکریہ۔‘

حال ہی میں فلم ’چینّئی ایکسپریس‘ کے لیے انھیں سکرین ایوارڈز میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ہر ایوارڈ خاص ہوتا ہے۔

شوٹنگ کے دوران بہت سے اداکار زخمی ہوتے رہتے ہیں لیکن سب سے خطرناک چوٹ امیتابھ بچن کو فلم ’قلی‘ کے دوران آئی تھی۔

اسی بارے میں