پریتی کے لیے بولڈ مناظر کا سہارا

تصویر کے کاپی رائٹ One by Two
Image caption پریتی دیسائي معروف اداکار ابھے دیول کے ساتھ گذشتہ چار سال سے ’ریلیشن‘ میں ہیں

بالی وڈ کی نئی اداکارہ پریتی دیسائی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوست اور معروف اداکار ابھے دیول کے تئيں ذرا بھی غیر محفوظ محسوس نہیں کرتیں۔

واضح رہے کہ پریتی دیسائي ابھے کے ساتھ گذشتہ چار سال سے ’ریلیشن‘ میں ہیں لیکن ان کے ساتھ وہ پہلی بار بڑی سکرین پر آنے والی فلم ’ون بائی ٹو‘ میں آ رہی ہیں۔

فلم اور ابھے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’دوسری اداکاراؤں کے ساتھ ابھے کے جسمانی تعلقات کے رول سے مجھے ذرا بھی پریشانی نہیں ہوتی، کیونکہ میں خود ایسے مناظر دوسرے اداکاروں کے ساتھ کر چکی ہوں۔‘

اس سے قبل وہ تشار کپور کے ساتھ ’شور ان دا سٹی‘ فلم میں اداکاری کر چکی ہیں جس میں انھوں نے بولڈ سین کیے تھے۔

انھوں نے کہا: ’اگر میں اداکارہ نہ ہوتی تو شاید مجھے ابھے کے دوسری اداکاراؤں کے نزدیک جانے پر پریشانی ہوتی، لیکن مجھے اب عادت پڑ گئی ہے۔ مجھے اب کوئی جلن نہیں ہوتی۔‘

انھوں نے کہا کہ ابھے ان سے کہیں سینیئر ہیں تو اس وجہ سے وہ ان سے مشورہ ضرور کرتی ہیں لیکن آخری فیصلہ انھی کا ہوتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شادی فل ٹائم كمٹمنٹ ہے، میں وہ بھی کروں گی لیکن ابھی نہیں: پریتی

عام طور پر بالی وڈ میں ابھے دیول کی شبیہ غصہ ور آدمی کی ہے۔ اس بابت پریتی نے کہا: ’نہیں، وہ غصے والے نہیں ہیں۔ جو لوگ انھیں اچھی طرح نہیں جانتے وہی ان کے بارے میں ایسا کہتے ہیں۔‘

ابھے کے ساتھ شادی کے سوال پر پریتی نے کہا: ’ابھی تو میرا کریئر شروع ہی ہوا ہے۔ میں بہت بلندی پر پرواز کرنا چاہتی ہوں۔ شادی فل ٹائم كمٹمنٹ ہے۔ میں وہ بھی کروں گی لیکن ابھی نہیں۔ ابھی ساری توجہ کریئر پر ہے۔‘

فلم ’ون بائی ٹو‘ کی ہدایت کار دیویکا بھگت ہیں اور فلم سات فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم میں پریتی نے ایک رقاصہ کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم کے ہیرو ہونے کے علاوہ ابھے دیول اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔ فلم کی موسیقی شنکر احسان لوئے نے دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ابھے دیول کی فلم سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ کو باکس آفس پر ملنے والی سردمہری سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

اسی بارے میں