ہالی وڈ، بالی وڈ کے سٹارز کی ’بدتمیزیاں‘

حال ہی میں امریکی گلوکارہ اور موسیقار کیٹی پیری نے میلان فیشن ویک کے دوران وہاں موجود تمام لوگوں کے سامنے ایک نازیبا لفظ کا استعمال کیا۔
دراصل کیٹی پیری کو اس شو میں ڈیزائنر جیریمي سکاٹ کے ملبوسات سٹیج پر پیش کرنے تھے لیکن کیٹی ایک گھنٹہ دیر سے اس تقریب میں پہنچیں۔
جیسے ہی کیٹی سج دھج کر ریمپ پر كیٹ واك کے لیے پہنچیں، لوگوں نے ان پر ہوٹنگ شروع کر دی۔
اس پر کیٹی بھی غصے میں تلملا اٹھیں اور انھوں نے لوگوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک انتہائی نازیبا لفظ بول دیا۔
جسٹن بيبر کی ’بدسلوکی‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی معروف شخصیت نے عوامی طور پر ایسی قابل اعتراض حرکت کی ہو۔ مشہور پاپ گلوکار جسٹن بيبر پر لگنے والے ایسے الزامات کی فہرست طویل ہے۔
رواں سال کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ان پر ایک لیموزین کے ڈرائیور کے ساتھ بدتمیزی اور مار پیٹ کا الزام لگا تھا۔
اس سے ایک ہفتے پہلے میامی میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کا الزام لگا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر ایک نائٹ کلب میں ویٹرس کے ساتھ بدتمیزی کا الزام بھی لگ چکا ہے۔
لنزی لوہین اور نیومی واٹس کے ’کارنامے‘
ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ لنزی لوہین پر اس طرح کے کئی الزامات لگ چکے ہیں۔
ان پر شراب پی کر گاڑی چلانے سے لے کر زیورات کی دکان میں چوری جیسے الزامات بھی لگے ہیں۔ اس کے لیے انہیں کئی بار اصلاحی مرکز بھی بھیجا جا چکا ہے۔
معروف برطانوی ماڈل نیومی کیمبیل پر جہاز میں سفر کے دوران دو پولیس افسران کے ساتھ مارپیٹ کرنے اور گالی گلوچ کے الزام لگے تھے۔
ان کی ملازمہ نے بھی ان پر ایک دفعہ مار پیٹ کا الزام لگایا تھا۔
بالی وڈ بھی پیچھے نہیں
عوامی طور پر بدتمیزی کے الزامات کے معاملے میں بالی وڈ بھی پیچھے نہیں ہے۔ 2008 میں اداکار گووندا پر ایک فلم کی عکاسی کے دوران ان کے ایک پرستار نے تھپڑ مارنے کا الزام لگایا تھا۔
اگرچہ گووندا نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا وہ پرستار ان کے ساتھی اداکار کے ساتھ ’بےہودگي سے‘ پیش آ رہا تھا۔
اسی طرح سنہ 2011 میں ایک ڈاکٹر نے جہاز پر اداکارہ پرینکا چوپڑا پر اپنے ساتھ بدتمیزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ پرینکا طیارے کی پرواز کے دوران فون پر بات کر رہی تھیں۔ جب انھوں نے پرینکا سے ایسا نہ کرنے کے لیے کہا تو پرینکا ان پر بھڑک گئیں اور گندا لفظ استعمال کیا۔
اگرچہ پرینکا نے نہ صرف اس پورے واقعے کی تردید کی بلکہ الٹا ڈاکٹر پر بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر ان کی اجازت کے اپنے موبائل کیمرے سے تصویریں کھینچ رہے تھے۔