گوہر اور کشال ایک بار پھر ساتھ ساتھ

تصویر کے کاپی رائٹ Monali Thakur
Image caption مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی مونالی کے والد شکتی ٹھاکر بھی گلوکار ہیں

’ذرا ذرا ٹچ می ٹچ می‘، ’خواب دیکھے جھوٹے موٹھے‘ سے لے کر ’سنوار لوں‘ جیسے سپر ہٹ گیت گانے والی مونالي ٹھاکر اب پردے کے پیچھے سے ہیروئنوں کو آواز دینے کے بعد خود ہی ہیروئن بن کر پردۂ سیمیں پر نظر آنے والی ہیں۔

مونالی ٹھاکر اپنے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز ناگیش كوكنور کی فلم ’لکشمی‘ سے کر رہی ہیں۔

فلم میں انہوں نے 14 سالہ ایک لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو زبردستی جسم فروشی کی دنیا میں دھکیل دی جاتی ہے اور وہاں اسے تمام طرح کی مصیبتوں کا سامنا ہوتا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مونالي ٹھاکر نے واضح الفاظ میں کہا کہ اپنے ایکٹنگ کیریئر کے لیے انھوں نے کوئی حد مقرر نہیں کی ہے اور وہ ہر طرح کے رول کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں۔

وہ کہتی ہیں: ’میری دوسری فلم ہے مینگو، جس میں میں نے سب کچھ کیا ہے۔ آپ مجھے بوس و کنار کرتے بھی دیکھیں گے اور بکنی میں بھی دیکھیں گے۔‘

’میرا خیال یہ ہے کہ جو کرو اس میں ایک قسم کا جمالیاتی احساس ہونا ضروری ہے۔ ناز و انداز میں سطحی پن نہ ہو۔ اس بات کا خیال رکھوں گي۔ اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے چیلنج کے لیے تیار ہوں۔‘

مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی مونالی کے والد شکتی ٹھاکر بھی گلوکار ہیں اور وہ بچپن سے ہی گلوکارہ بننا چاہتی تھیں اور اس کے لیے انھوں انڈین آئیڈل میں بھی شرکت کی تھی۔

گوہر کو پبلک پلیٹ فارمز پر محبت جتانا پسند نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ Colors
Image caption گوہر نے کہا کہ ان کے لیے ’ریلیشن‘ میں رہنا ایک خوبصورت تجربہ ہے

اداکارہ گوہر خان اور كشال ٹنڈن ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں ساتھ نظر آئے۔ شو کے دوران دونوں ایک دوسرے کے نزدیک آئے، شو تو ختم ہوا لیکن دونوں کی قربتیں جاری رہیں۔

ایک بار پھر یہ دونوں ایک دوسرے ریئلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں نظر آنے والے ہیں جو 22 مارچ کو شروع ہو رہا ہے۔

كشال کے ساتھ دوستی کے بارے میں گوہر خان نے میڈیا سے کہا: ’یہ صحیح ہے کہ ہمارے عشق کا آغاز ایک ریئلٹی شو میں ہوا لیکن اب معاملہ کافی ذاتی ہو چکا ہے۔ اب ہمیں ایک دوسرے کے تئیں محبت کے اظہار کے لیے کسی ریئلٹی شو کی ضرورت نہیں۔ خطروں کے کھلاڑی میں ہمارا ساتھ آنا محض ایک اتفاق ہے۔‘

گوہر نے کہا کہ ان کے لیے ’ریلیشن‘ میں رہنا ایک خوبصورت تجربہ ہے لیکن وہ اسے ذاتی ہی رکھنا چاہتی ہیں۔

ٹی وی کے علاوہ گوہر خان ’راکٹ سنگھ، سیلس مین آف دی ایئر‘، ’عشق زادے‘ اور ’ونس اپن اے ٹائم ان ممبئی‘ جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

ان دنوں وہ اپنی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

’خطروں کے کھلاڑی‘ کے پانچویں ایڈیشن میں گوہر اور كشال کے علاوہ دیانند شیٹی، سلمان یوسف خان، مگدھا گوڈسے اور رنویر شوری جیسے اداکار مدمقابل ہیں۔

مشہور امریکی شو ’فيئر فیكٹر‘ سے متاثر خطروں کے کھلاڑی کے پانچویں ایڈیشن کی میزبانی فلم اداکار روہت شیٹی کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں