میں اپنے فگر کے بارے میں بہت حساس ہوں: ‏ایلیانا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایلیانا کا کہنا ہے کہ ان کا جیون ساتھی ورون دھون جیسا ہونا چاہیے

سنہ 2012 میں فلم ’برفی‘ سے ہندی سنیما میں اپنے کریئر کی شروعات کرنے والی ایليانا ڈی کروز اپنی تیسری ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

اداکار ورون دھون اور نرگس فخري کے ساتھ ان کی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ چار اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔

تاہم وہ بالی وڈ میں اداکاری کے لیے کم اور اپنی خوبصورتی کے لیے زیادہ مقبول ہیں۔

اپنی گلیمرس شبیہ کے باوجود ایليانا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلموں میں وہ بکنی پہننے کے لیے قطعی تیار نہیں ہیں۔

بہر حال انھوں نے کہا: ’میں اپنے ‌فگر کے بارے میں بہت حساس ہوں۔ جب لوگ میری تعریف کرتے ہیں تو میں شرما جاتی ہوں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Mirchi
Image caption میں تیرا ہیرو فلم اپریل کے اوائل میں ریلیز ہو رہی ہے جس میں ایلیانا کے ساتھ نرگس فخری بھی ہیں

انھوں نے فلم کے بارے میں کہا: ’میں تیرا ہیرو میں میں نے شارٹس پہنی ہے کیونکہ بکنی میں آنا میرے لیے آسان نہیں تھا۔ میرے خیال میں بکنی پہننے کے لیے میں فٹ نہیں ہوں۔‘

ایلیانا کا دعویٰ ہے کہ فلم ’میں تیرا ہیرو‘ کے لیڈ اداکار ورون دھون کے ساتھ ان کی اچھی دوستی ہو گئی ہے۔

وہ کہتی ہیں: ’میں اور ورون ہم عمر ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنے میں مجھے بہت آسانیاں رہیں۔ ہم اچھے دوست بن گئے ہیں۔ میں نے اس سے پہلے رنبیر کپور اور شاہد کپور کے ساتھ بھی کام کیا ہے لیکن سیٹ پر ان سے زیادہ بات نہیں ہوتی تھی لیکن ورون کے ساتھ تو بہت ہنسی مذاق ہوتا تھا۔‘

ایليانا فلم ’میں تیرا ہیرو‘ کے ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے کام کرنے کے انداز کی بھی گرویدہ ہیں۔

وہ کہتی ہیں: ’ڈیوڈ جی ایک دوست کی طرح ہیں۔ وہ بہت مذاق کرتے ہیں۔ شوٹنگ کے دوران انھیں جاننے کا موقع ملا، میں ان سے کوئی بھی بات کہہ دیتی تھی۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں بہت شرمیلي ہوں، لیکن ڈیوڈ جی کے ساتھ میں بڑی کھل کے بات کرتی ہوں۔‘

ایلیانا کئی فلموں میں کام کر رہی ہیں۔ وہ آئندہ سیف علی خان اور گووندا کے ساتھ فلموں میں نظر آنے والی ہیں۔

اسی بارے میں