سلمان اور امیتابھ سے آگے دیپکا، راکھی انتخابات کے لیے تیار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بالی وڈ میں سلمان خان اور امیتابھ سے بھی زیادہ دیپیکا کے چاہنے والے ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون آئے دن نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ انھوں نے اپنی حریف اداکاراؤں کو تو پہلے ہی پیچھے چھوڑ دیا ہے لیکن اب انھوں نے سلمان خان اور بگ بی یعنی امیتابھ بچن کو بھی مات دے دی ہے۔

اپنی زبردست فلمی مصروفیتوں کی وجہ سے کئی معروف ہدایتکاروں کو منع کرنے والی دیپکا اب سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر بالی وڈ فن کاروں میں نمبر ون ہیں۔

دیپکا کو فیس بک پر لائک کرنے والوں کی تعداد اب 15 ملین یعنی ڈیڑھ کرور ہو گئی ہے۔ اس طرح انھوں نے فیس بک کی ریس میں سلمان خان (14 ملین)، عامر خان (11 ملین) اور امیتابھ بچن (10 ملین) کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سلمان خان جو بھارت میں بے شمار نوجوانوں کے دل کی دھڑکن تصور کیے جاتے ہیں وہ دیپکا سے زیادہ پیچھے نہیں اور ایک کروڑ چالیس لاکھ لائکس کے ساتھ ہیں دوسرے نمبر پر ہیں۔

شاہ رخ خان کبھی نمبر ون ہوا کرتے تھے لیکن انھیں تو پہلے امیتابھ نے پیچھے چھوڑا پھر بہت سے اداکار آگے نکل گئے۔

دیپکا کو اگر ٹکر دینے کی دوڑ میں کوئی اداکارہ ہے تو وہ پرینکا چوپڑہ ہیں اور وہ عامر کے ساتھ 11 ملین پر ہیں۔

دیپکا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بارہا اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں اپنے مداحوں کی وجہ سے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے مداح ان کے کریئر کے نشیب و فراز میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس مقام پر ہیں۔ انھوں نے اپنے فیس بک پر 15 ملین والی تصویر بھی ڈالی ہے۔

راکھی ساونت کا نیا اوتار

Image caption راکھی ساونت اپنے نئے نئے انداز اور پروگرام سے سرخیوں میں رہنے کا ہنر جانتی ہیں

ٹی وی اور فلم اداکارہ راکھی ساونت نے اعلان کیا ہے کہ وہ شمال مغربی ممبئی لوک سبھا سیٹ سے انتخابات لڑیں گی۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گی۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو تین دنوں میں واضح کر دیں گی کہ وہ کسی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں یا آزاد امیدوار کے طور پر سیاسی میدان میں اتریں گی۔

شمال مغربی ممبئی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس نے گرداس کامت کو میدان میں اتارا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے مينك گاندھی کو اور مہاراشٹر نونرمان سینا نے فلم ڈائریکٹر مہیش مانجریکر کو ٹکٹ دیا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے ابھی اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔

راکھی ساونت نے گذشتہ دنوں بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ سے مل کر پارٹی کے لیے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کے ساتھ تصاویر بھی كھنچوائی تھی لیکن راکھی نے یہ صاف نہیں کیا ہے کہ انہیں بی جے پی نے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔

راکھی ساونت نے انتخاب لڑنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں کہا ’گذشتہ سات سال سے میں اس علاقے کے لیے کام کر رہی ہوں۔ میں نے یہاں کچی بستیوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل کو اٹھایا ہے۔ میں اس علاقے کے لوگوں کے مسائل جانتی ہوں۔‘

اسی بارے میں