بالی وڈ ستارے جو ووٹ نہیں ڈال سکیں گے

Image caption انتخاب والے دن یہ ممبئی میں موجود نہیں ہوں گے جہاں ان کے ناموں کا اندراج ہے اس لیے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے

بھارت میں انتخابی مہم پورے عروج پر ہے اور الیکشن کمیشن تمام ووٹروں سے لازمی طور پر ووٹ دینے کی اپیل کر رہا ہے۔ ووٹروں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے عامر خان جیسے معروف اداکار بھی الیکشن کمیشن کی اس مہم کا حصہ ہیں۔

لیکن تمام کوششوں اور بیداری مہم کے باوجود بالی وڈ کے کئی فنکار ممبئی میں پولنگ کے دن یعنی 24 اپریل کو موجود نہیں ہوں گے اور ووٹ نہیں ڈال پائیں گے۔

اس کی سب سے بڑی وجہ 23 تا 26 اپریل امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں منعقد ہونے والا آئیفا (انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز) شو ہے۔ بہت سے فنکاروں کے لیے ووٹ دینے کے بجائے اس تقریب میں شرکت کرنا زیادہ اہم تھا۔

تاہم بہت سے فنکار اس دن ممبئی میں ہوں گے اور انھوں نے ووٹ ڈالنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔

جو فنکار آئیفا کے لیے جا رہے ہیں ان کی دلیل یہ ہے کہ آئیفا کی تاریخوں کا اعلان انتخابات کے اعلان سے پہلے ہی ہو چکا تھا اس لیے اب کچھ نہیں کیا جا سکتا۔

کرینہ کپور خان اور ان کے شوہر سیف علی خان دونوں ہی آئیفا تقریب کی رونق بڑھانے کے لیے وہاں موجود ہوں گے اس لیے ووٹ نہیں ڈال پائيں گے۔

البتہ اداکار اکشے کمار نے اس بابت کہا: ’میں کہیں نہیں جا رہا۔ میں 24 اپریل کو ممبئی میں رہوں گا اور اپنا ووٹ ڈالوں گا۔‘

Image caption بالی وڈ کا یہ جوڑا اس دن امریکہ میں آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں جلوہ گر ہوگا

عامر خان نے اپنے شو ستیہ مے و جیتے' کے ذریعہ لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے اور وہ الیکشن کمیشن کی بیداری مہم کا حصہ بھی ہیں۔ وہ 24 اپریل کو ممبئی میں ہی رہیں گے اور باندرہ میں اپنے گھر کے پاس والے پولنگ بوتھ میں ووٹ دیں گے۔

اطلاعات کے مطابق امیتابھ بچن اور ان کا پورا کنبہ بھی اس دن ممبئی میں ہوگا اور سب اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

اداکارہ پرینکا چوپڑہ فی الحال منالی میں ’میری کوم‘ کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ کر رہی ہیں وہ بھی ان دنوں آئیفا کی رونق بڑھانے امریکہ میں ہوں گی۔

فرحان اختر جو سماجی مسائل کی آگاہی میں پیش پیش رہتے ہیں، ان کی ڈائری میں ووٹنگ اس بار شاید جگہ نہ پا سکی۔ وہ شاہد کپور کے ساتھ اس بار آئیفا کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ دونوں بھی اپنے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔

ان کے علاوہ وویک اوبرائے بھی ان دنوں فلوریڈا میں ہوں گے حالانکہ وویک اپنی ساس نندنی الوا کی الیکشن مہم کا حصہ رہے ہیں۔ ان کی ساس بنگلور سنٹرل سے جنتا دل (سیکولر) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔

Image caption ان ستاروں نے اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا ارادہ کر رکھا ہے

رنبیر کپور ان دنوں سری لنکا میں فلم ’بامبے ویلوٹ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، لیکن انھوں نے کہا ہے انتخابات سے پہلے وہ ممبئی پہنچ جائیں گے اور اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال کریں گے۔

انیل کپور اس بار شاید ہی ووٹ دے پائیں۔ وجہ یہ ہے کہ وہ بھی آئیفا تقریب میں شامل ہونے کے لیے 23 اپریل کو امریکہ روانہ ہو رہے ہیں۔ البتہ ان کی بیٹی سونم کپور ممبئی میں ہی ہوں گی اور انھوں نے ووٹ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

دیپکا پاڈوکون کی 2013 میں ریلیز ہونے والی تمام فلمیں کامیاب رہیں اور انھیں اس کے لیے ایوارڈز بھی ملے۔ یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئيفا میں بھی ان کے نام کی دھوم رہے گي تو وہ یہاں کیوں رہیں گي، وہ تقریب میں پرفارم کرتی نظر آئیں گی۔

دیپکا کے ساتھ ساتھ پرينیتی چوپڑہ، مادھوری دکشت، دیا مرزا، بپاشا باسو، وانی کپور، رتیک روشن، نیل نتن مکیش اور شلپا شیٹی بھی آئیفا کے لیے امریکہ میں ہوں گے۔

اسی بارے میں