پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست: امیتابھ بچن

تصویر کے کاپی رائٹ hoture
Image caption اداکار امیتابھ بچن ان دنوں اپنی فلم بھوت ناتھ ریٹرن کا جشن منا رہے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن ان دنوں اپنی فلم ’بھوت ناتھ ریٹرن‘ کی بہترین کارکردگی کا جشن منا رہے ہیں۔ تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے وہ کم فلموں میں نظر آ رہے ہیں۔ کیا وقت کے ساتھ ان کے کام کی رفتار کچھ سست پڑ گئی ہے؟

حال ہی میں لندن میں ایک ویڈیو كانفرنسنگ میں انھوں نے ہمارے سوال کا اس طرح جواب دیا: ’گذشتہ کچھ عرصے میں میری تین بار سرجری ہوئی ہے۔ مجھے صحت یاب ہونے میں تھوڑا وقت لگا۔ اس کے بعد میں نے صرف ٹی وی سیریلز کے لیے شوٹنگ کی۔ اب تو میں کئی فلمیں کر رہا ہوں۔

اور اس کے بعد انھوں نے اپنی مصروفیتوں کا شمار شروع کر دیا: ’اس ماہ کے آخر میں آر بالك کی فلم شروع کر رہا ہوں جس میں دھنش بھی ہیں۔ اس کے بعد شوجت سرکار کے ساتھ کام کروں گا جس میں دیپکا پاڈوکون اور عرفان خان ہیں۔ فرحان اختر کے ساتھ ایک فلم ہے۔ پھر آپ مجھے ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ میں دیکھیں گے۔ ٹی وی سیریئل بھی آئے گا۔ مجھے لگتا کہ یہ کافی ہو جائے گا۔۔۔‘

یعنی وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ جیسے پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست۔

امیتابھ بچن ان اداکاروں میں شامل ہیں جنھوں نے اپنے مداحوں سے رابطے کے لیے سوشل میڈیا کے ذرائع کو اپنایا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption امیتابھ بچن نے حال ہی میں ہالی وڈ کی فلم ’داگریٹ گیٹسبي‘ میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا تھا

سماجی رابطے کے ذرائع پر انھوں نے کہا: ’مجھے یہ آئیڈیا اچھا لگتا ہے کہ میں لوگوں سے براہ راست بات کر سکتا ہوں۔ پہلے ہمارے پاس موقع نہیں ہوتا تھا کہ ہم اپنے مداحوں کے ساتھ اس طرح بات کر سکیں۔ یہ لوگ میرے کام کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہیں۔‘

لیکن سوشل میڈیا کے دوسرے پہلو سے بھی امیتابھ واقف ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’اس بات کے لیے تیار رہنا پڑے گا کہ سوشل میڈیا پر سخت سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ لوگ آپ پر تنقید بھی کریں گے، برا بھلا بھی کہیں گے، آپ کو تیار رہنا پڑے گا۔ یہ تجربہ کافی دلچسپ ہے۔ یہ لوگ میرے وسیع خاندان کی طرح ہیں۔‘

ہندی فلموں کے موجودہ دور کے بارے میں امیتابھ بچن کافی پر امید ہیں۔ ان کا کہنا ہے: ’نئی نسل کے فنکاروں میں بہت صلاحیت ہے اور وہ محنتی ہیں۔ اپنی پہلی ہی فلم میں وہ کیمرے کے سامنے اتنے نیچرل ہوتے ہیں، ہمیں اس کے لیے کئی سال لگ گئے، آج بھی قبول نہیں کر پاتے ہیں۔ مجھے جس کا کام اچھا لگتا ہے تو میں ان کو لکھتا بھی ہوں۔‘

امیتابھ بچن نے حال ہی میں ہالی وڈ کی فلم ’داگریٹ گیٹسبي‘ میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا تھا۔ کیا وہ ہالی وڈ میں پھر سے کام کرنا چاہتے ہیں؟

اس پر امیتابھ کا کہنا تھا : ’بہت سے بھارتی اداکار ہالی وڈ فلموں میں کام کرتے آئے ہیں، عرفان خان، نصیرالدین شاہ، اوم پوری، شبانہ اعظمی وغیرہ۔ اگر کوئی کہانی لے کر میرے پاس آتا ہے تو میں اس پر ضرور غور کروں گا۔‘

اسی بارے میں