بالی وڈ کی خفیہ شادیاں

گذشتہ دنوں بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے معروف فلم ساز یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا سے اٹلی میں خاموشی کے ساتھ شادی کر لی اور اس کی اطلاع انھوں نے بعد میں دی۔
بالی وڈ میں شادیوں کو صیغۂ راز میں رکھنے کا معاملہ نیا نہیں ہے اور لوگوں اور میڈیا کی نظروں سے دور، بغیر بینڈ باجے اور بارات کے شادیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں۔
سینئر فلم صحافی جے پرکاش چوكسے نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بالی وڈ کی بعض ایسی مخصوص شادیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
اس ضمن میں ہمارے سامنے کئی نام ہیں تاہم یہاں سب کا ذکر ممکن نہیں، اس لیے صرف بعض مخصوص جوڑیوں کا ہی ذکر ہے۔
ان میں دھرمیندر اور ہیما مالنی کے علاوہ دیو آنند اور کلپنا کی شادیاں اپنے آپ میں مثال ہیں۔ تاہم سنیل دت اور نرگس کی شادی کو صیغۂ راز میں رکھنے کا فیصلہ صرف ایک گزارش کا نتیجہ تھا۔
شمّی کپور اور گیتا بالی کی شادی
پرکاش نے بتایا کہ شمّي کپور اور دونوں گیتا بالی ایک دوسرے کی محبت میں سرشار تھے۔ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد دونوں ہر شام سڑک پر گھنٹوں ساتھ چہل قدمی کرتے تھے، پھر ایک دن اچانک دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
شمّي کپور نے اس بارے میں اپنے والد پرتھوی راج کپور اور بڑے بھائی راج کپور تک کو نہیں بتایا۔
جنوبی ممبئی کے ایک مندر میں دونوں نے صبح چار بجے شادی کر لی اور پرتھوی راج کو بعد میں راج کپور نے فون پر شادی کی اطلاع پہنچائی جبکہ میڈیا کو گیتا بالی کے سکریٹری سریندر کپور نے خبر دی۔ سریندر کپور بونی کپور اور انیل کپور کے والد تھے۔
دیوآنند اور کلپنا کی شادی
دیوآنند اور ثریا کی محبت کے قصے عام تھے لیکن ان کی شادی نہ ہو سکی تاہم دیوآنند نے اپنی شادی سے سب کو دنگ کر دیا۔
انھوں نے اپنی فلم ’ٹیکسی ڈرائیور‘ کے سیٹ پر اسی فلم میں کام کرنے والی اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کر لی۔
شوٹنگ کے دوران جب لنچ بریک ہوا تو انھوں نے فوراً پنڈت کو بلایا اور کلپنا ساتھ سات پھیرے لے لیے۔
اور پھر شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی دیو آنند واپس شوٹنگ کرنے پہنچ گئے۔ ان کی اس طرح اچانک شادی کی خبر سن کر میڈیا اور شائقین دنگ رہ گئے۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کا ملن
اداکار دھرمیندر اور ہیما مالنی کی شادی بڑے دلچسپ انداز میں ہوئی۔ دراصل ہیما مالنی کو دھرمیندر کے علاوہ جيتندر اور سنجیو کمار کو بھی پسند کرتے تھے اور وہ دونوں ان سے شادی کرنا چاہتے تھے۔
اس درمیان ایسی بھی خبریں آ رہی تھیں کہ جیتندر اور ہیما مالنی نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا اور وہ چینّئی میں ہیں۔
اس وقت جيتندر کا اپنی موجودہ بیوی شوبھا کے ساتھ بھی رومانس چل رہا تھا۔ یہ پتہ لگتے ہی دھرمیندر شوبھا کو لے کر مدراس پہنچ گئے اور وہاں شوبھا نے مبینہ طور پر ہنگامہ برپا کر دیا جس کے باعث جيتندر اور ہیما کی شادی نہیں ہو سکی۔
بعد میں دھرمیندر نے ہیما مالنی سے شادی کر لی۔ ان کی شادی کی راہیں آسان نہیں تھیں۔ اس کے لیے دونوں نے اسلام قبول کیا کیونکہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ہندو ہونے کی وجہ سے دوسری شادی نہیں کر سکتے تھے۔
نرگس اور سنیل دت کی شادی
نرگس اور سنیل دت کی شادی کی خبر تو لوگوں میں تین چار ماہ بعد پہنچی۔ دراصل یہ دونوں فن کار محبوب خان کی فلم ’مدر انڈیا‘ میں کام کر رہے تھے اور اسی دوران دونوں میں محبت ہو گئی اور انھوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
چونکہ فلم میں نرگس سنیل دت کی ماں کا کردار ادا کر رہی تھیں اس لیے محبوب خان نے انھیں مشورہ دیا کہ فلم کی ریلیز کے دو تین مہینے بعد وہ شادی کریں کیونکہ ان کا خیال تھا کہ شادی کی خبر سے ان کی فلم متاثر ہوگی۔
چنانچہ نرگس اور سنیل دت نے شادی تو کر لی لیکن یہ بات چھپا ئے رکھی اور مدر انڈیا کی ریلیز کے چند ماہ بعد ہی اپنی شادی کی خبر عام کی۔ تاہم اس کے باوجود مدر انڈیا کی باکس آفس پر مقبولیت پر کوئی فرق نہیں پڑا اور کہا جاتا ہے کہ 1957 میں ریلیز کے بعد سے یہ فلم آج تک ہندوستان کے کسی نہ کسی سینیما میں چل رہی ہے۔
سری دیوی اور بونی کپور کی شادی
اداکارہ سری دیوی اور فلم ساز بونی کپور کی شادی نے بھی سب کو چونکا دیا تھا۔ دراصل سری دیوی جب بونی کپور کی فلموں میں کام کر رہی تھیں تو اس دوران وہ ممبئی کے ایک ہوٹل میں رہتی تھیں۔
تب بونی کپور کی بیوی مونا کپور نے انھیں اپنے گھر میں رہنے کے لیے جگہ دی۔ چند برسوں بعد جب سری دیوی کی ماں کی طبیعت خراب ہوئی تو بونی کپور اپنا سارا کام چھوڑ کر چینّئی آ گئے اور ان کی ماں کی خوب دیکھ بھال کی۔
سری دیوی کی ماں کی موت ڈاکٹروں کی مبینہ لاپروائی تھی۔ بونی کپور نے اس سلسلے میں سری دیوی کو مقدمہ لڑنے میں بھی بہت مدد کی۔ سری دیوی اس سے بہت متاثر ہوئیں اور بعد میں دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
عامر خان کی شادی
عامر خان اپنی پہلی ہی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ سے ہی سٹار بن گئے تھے۔ کئی خواتین ان کی پرستار بن گئیں لیکن انھیں اس وقت جھٹکا لگا جب انھیں یہ پتہ چلا کہ عامر پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔
عامر اور رینا دتا ممبئی میں ایک ہی جگہ رہتے تھے اور دونوں نے 1986 میں ہی خاموشی کے ساتھ شادی کر لی تھی۔