تشدد کے سامنے بے بسی کے بیان پر انعام

تصویر کے کاپی رائٹ ipaf

بغداد کے پس منظر میں لکھنے جانے والی ’فرنکستانی‘ انداز کے ناول کو عربی میں فکشن کا سب سے بڑا انعام دیا گیا ہے۔

ناول نگار احمد سعداوی عربی میں فکشن اور شاعری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

ان کے ناول کو انٹرنیشنل پرائز فار عرب فکشن، آئی پی اے ایف انعام دینے کا اعلان منگل کو ابوظہبی کی ایک تقریب میں کیا گیا۔

’فرنکستائین فی بغداد‘ یا ’بغداد میں فرنکستائین‘ کے بارے میں منصفین کا کہنا ہے کہ ناول میں کہانی انتہائی مہارت سے بیان کی گئی ہے اور اسے عربی ادب میں ایک اضافہ قرار دیا جانا چاہیے۔

احمد سعداوی کو 50 ہزار امریکی ڈالر انعام کے طور پر ملیں گے۔ اس کے علاوہ اس ناول کا انگریزی میں ترجمہ کیا جائے جس سے انھیں اضافی آمدنی ہو گی۔ وہ اس انعام کو حاصل کرنے والے ساتویں عرب مصنف ہیں۔

احمد سعداوی 1973 میں بغداد میں پیدا ہوئے۔ ان کے اس ناول میں ہادی العتاگ نامی ایک شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے۔

ہادی العتاگ بغداد کے بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے اعضا کو تدفین کے لیے جوڑنے کا کام کرتا ہے اور اسی کے نتیجے میں ایک ایسا مافوق الفطرت وجود پیدا ہو جاتا ہے جو انتقاماً لوگوں کو مارنے اور تباہی پھیلانے لگتا ہے۔

وہ نہ صرف ان لوگوں کو نشانہ بناتا ہے جو اُس کے خیال میں دھماکے کرتے ہیں بلکہ انھیں بھی نشانہ بناتا ہے جو کسی طرح ان دھماکوں میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

آئی بی اے ایف بورڈ کے چیئرمین اور کیمبرج یونیورسٹی میں عرب سٹڈیز کے پروفیسر یاسر سلمان کا کہنا ہے کہ ناول کے کردار زمینی اور حقیقی لگنے کے ساتھ ساتھ حقیقت کو وسیع تر معنی میں بھی بیان کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس میں ایسی وراثت کا بیان کیا گیا ہے جس سے نہ تو انفرادی طور پر بچا جا سکتا ہے اور نہ ہی انفرادی طور پر۔

ایک اور مبصر کا کہنا ہے اس ناول میں عراق میں جاری تشدد اور اُس کے سامنے لوگوں کی عمومی بے بسی کا اظہار ہوتا ہے۔

اس ناول کے لیے اٹھارہ ملکوں سے ایک سو چھپن ناولوں اور کہانیوں کے مجموعوں کو منتخب کیا گیا تھا جن میں پہلے چھ منتخب کیے گئے اور آخر سے سعداوی کے ناول کو انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ باقی چھ ناولوں کے مصنفوں میں سے ہر ایک کو 10 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

پہلا فرنکستائین ناول 1818 میں میری شیلے نے انگریزی میں لکھا تھا۔ اس میں ایک ایسے دیو ہیکل وجود کی کہانی بیان کی گئی ہے جو بہ وجوہ لوگوں کو مارنا شروع کر دیتا ہے۔

اسی بارے میں