’سن رہا ہے نا تو‘ کے گلوکار ریپ کے الزام میں گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ FilmFare
Image caption انکت تیواری کو جمعے کو اندھیری مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا

بالی وڈ کی گذشتہ سال ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’عاشقی 2‘ کے مشہور گیت ’سن رہا ہے نا تو‘ کے گلوکار انكت تیواری کو جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انكت تیواری پر زیادتی کا الزام ان کی ایک خاتون دوست نے لگایا ہے اور ان کے خلاف ممبئی کے ورسووا تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے۔

انھوں نے رپورٹ میں انكت تیواری پر دھوکہ دہی، جنسی زیادتی اور دھمکی دینے کے الزامات لگائے ہیں۔

پولیس نے انكت تیواری کے بڑے بھائی کو بھی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

انكت تیواری کے وکیل ناگش مشرا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی لیکن اپنے موکل پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ جس خاتون نے ان کے موکل پر الزام عائد کیا ہے وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کا دو سال کا بچہ ہے۔

تھانے میں درج کرائی جانے والی رپورٹ کے مطابق انكت تیواری نے اپنی خاتون دوست سے ایک مندر میں شادی کرنے کے بعد ان کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے لیکن بعد میں وہ ان تعلقات سے مکر گئے۔

دوسری جانب انكت تیواری نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے یہ تسلیم کیا کہ ان کے تعلقات تھے، لیکن گذشتہ ایک سال سے دونوں میں کوئی رابطہ نہیں تھا۔

اسی بارے میں