بالی وڈ ہوا ’مودیفائیڈ‘ اور ایشوریہ ’ناراض‘ ہوگئیں

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

بی جے پی کی جیت پر بالی وڈ خوش

Image caption آشا، چترانگدا اور شیکھر کپور کے علاوہ وویک اوبرائے اور انوپم کھیر نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے

بالی وڈ نے نریندر مودی اور بی جے پی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارت روشن مستقبل کی طرف بڑھے گا۔

معروف فلم ساز شیکھر کپور نے ٹویٹ کیا ’جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ ہوا۔ کنبہ پروری کا خاتمہ ہوا۔ نئے مواقعے، نیا بھارت، نئے مستقبل کا وقت آ گیا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ اس موقعے کو ضائع نہیں جانے دیا جائے گا۔‘

اداکارہ پریتی زنٹا نے لکھا: ’صبح سے دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ ہر ہندوستانی نے اپنا ووٹ دے دیا ہے۔ میں اس بات سے خوش ہوں کہ آنے والی حکومت ایک پائیدار حکومت ہو گی۔‘

مشہور گلوکارہ آشا بھونسلے نے لکھا: ’آخرکار ہمیں ایک ایسا وزیر اعظم ملنے والا ہے، جو ہندی بول سکتا ہے۔‘

فلم ساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے ٹویٹ کیا: ’بی جے پی سال کی پہلی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ زبردست آغاز ہے جس کا آگے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔‘

مدھر بھنڈارکر نے ٹویٹ کیا: ’مودی لہر بھرپور قوت سے سامنے آئی۔ نوجوان، روشن بھارت نے اپنا فیصلہ دے دیا۔‘

اداکارہ چترانگدا سنگھ نے لکھا: ’ہم سب آج موديفائیڈ ہو گئے۔ اب ملک انتظار کر رہا ہے کہ حکومت کیسا کام کرتی ہے۔‘

دیپکا اور رنویر بنیں گے ’میاں بیوی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Bhansali Films
Image caption دپیکا اور رنویر سنگھ نے حالیہ ہٹ فلم گولیوں کی راس لیلا رام لیلا میں ایک ساتھ آئے

بالی وڈ کی تازہ ہٹ جوڑیوں میں سے ایک اور قریبی دوست رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون ایک فلم میں میاں بیوی کا کردار نبھانے والے ہیں۔

ہدایت کار ہومی ادجانيا کی آنے والی فلم ’فائنڈنگ فینی فرنانڈیس‘ میں دیپکا کام کر رہی ہیں اور ان کے شوہر کا کردار رنویر سنگھ ادا کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق رنویر کا مختصر سا رول ہے۔

فلم میں رنویر سنگھ کے کام کرنے کے بارے میں دیپکا اتنی خوش ہوئیں کہ انھوں نے فون کر کے رنویر سے فلم کا ٹریلر دیکھنے کی گذارش کی۔

اطلاعات کے مطابق دیپکا چھٹیاں منانے امریکہ جانے والی ہیں اور یہ خبریں بھی ہیں کہ رنویر بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

ایشوریا رائے ہیں ناراض

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایشوریہ کو وزن کم کرنے کا مشورہ اچھا نہیں لگا

معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اپنے قریبی دوست پرہلا ککّڑ سے مبینہ طور پر بے حد ناراض ہیں۔

دراصل پہلے تو پرہلاد نے ایشوریہ رائے سے بات کیے بغیر یہ اعلان کر دیا کہ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم ’ہیپی اینی ورسري‘ میں ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے بچن ہوں گے۔

بعد میں انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی کہہ دیا کہ ایشوریہ ان کی فلم میں ہوں گی لیکن پہلے انھیں اپنا وزن کم کرنا ہوگا۔ یعنی یک نہ شد دو شد۔

اپنے وزن کے بارے میں کھلے عام پرہلاد کے اس طرح سے تبصرہ کرنے سے ایشوریہ کا غصہ بھڑک گیا اور ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اب پرہلاد کی فلم میں کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

ریکھا کی ’فتور‘

Image caption ریکھا نے کئی یادگار فلمیں دی ہیں جن میں خواتین کے زبردست کردار رہے ہیں

اداکارہ ریکھا ان دنوں فلموں میں کم ہی نظر آ رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کے اور امیتابھ بچن کے ایک ساتھ آنے کی خبر بھی پھیلی تھی جو بعد میں غلط ثابت ہوئی۔

تاہم اب یہ اطلاعات ہیں کہ ریکھا پھر سے بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔

وہ ’راک آن‘ اور ’كائی پو چے‘ فلمیں بنانے والے ہدایتکار ابھیشیک کپور کی اگلی فلم ’فتور‘ میں ایک اہم کردار ادا کریں گی۔

فلم انگریزی ناول نگار چارلز ڈكنس کی کہانی ’دا گریٹ ایکسپیکٹیشنز‘ پر مبنی ہے۔ فلم میں قطرینہ کیف اور آدتیہ رائے کپور بھی ہوں گے۔

اسی بارے میں