شاہ رخ خان دنیا کے دوسرے امیر ترین اداکار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ بالی وڈ کے واحد اداکار ہیں جو دنیا کے امیر ترین دس اداکاروں کی اس فہرست میں شامل ہیں جس میں ٹام کروز ان کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں

بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان پوری دنیا کے دوسرے امیرترین اداکار بن گئے ہیں اور انھوں نے ہالی وڈ کے بڑے بڑے فنکاروں جیسے ٹام کروز اور جانی ڈیپ تک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

معروف ویب سائٹ ’ویلتھ ایکس‘ کی طرف سے ہالی وڈ اور بالی وڈ کے دس امیر ترین فنکاروں کی جاری کردہ تازہ فہرست میں شاہ رخ خان کی دولت کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر یعنی تقریباً ساڑھے تین کھرب ہندوستانی روپے لگایا گیا ہے۔

شاہ رخ خان سے پہلے اور امیر ترین اداکار ہالی وڈ کے معروف کامیڈین 60 سالہ جیری سائن فیلڈ ہیں۔ ویب سائٹ پر ان کی کل دولت 82 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔

دنیا کے امیر ترین دس فنکاروں کی فہرست میں بالی وڈ سے صرف شاہ رخ خان کا ہی نام ہے۔

شاہ رخ کے بعد اس فہرست میں ٹام کروز کا نام ہے، ان کی دولت کا تخمینہ 48 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔

جانی ڈیپ کی جائیداد کا تخمینہ 45 کروڑ ڈالر ہے جبکہ امریکی اداکار ٹائلر پیری کی بھی دولت کا تخمینہ 45 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے اور دونوں مشترکہ طور پر چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

ویلتھ ایکس کے مطابق فہرست میں شامل تمام اداکاروں کی مجموعی دولت چار ارب 68 کروڑ ڈالر ہے۔

بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ویلتھ ایکس نے کہا ہے کہ ’شاہ رخ خان کی دولت کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ وہ اپنے ملک ہندوستان کے علاوہ ساری دنیا میں بھی بہت مقبول ہیں۔ وہ فلم ساز بھی ہیں، ٹی وی کے میزبان بھی ہیں اور بھارتی کرکٹ کلب کی ایک ٹیم کے مشترکہ مالک بھی ہیں اور فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں۔ انھوں نے 50 سے زیادہ بالی وڈ فلموں میں اداکاری کی ہے اور وہ کانز فلم فیسٹیول میں مسلسل شریک ہوتے رہے ہیں۔‘

اس فہرست میں کئی اکیڈمی ایوارڈز سے سرفراز اداکار بھی شامل ہیں جن میں جیک نکلسن کی دولت کا تخمینہ 40 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ ٹام ہینکس کی دولت کا تخمینہ 39 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔

Image caption ٹام ہینکس جنھیں فیلیڈلفیا اور فورسٹ گمپ کے لیے اکیڈمی ایوارڈ مل چکا ہے اس فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہیں

معروف اداکار اور ہدایت کار 84 سالہ کلنٹ ایسٹ وڈ بھی ان چیدہ امیر ترین افراد میں شامل ہیں۔ ان کی دولت کا تخمینہ 37 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے اور وہ فہرست میں شامل تمام اداکاروں میں سب سے معمر ہیں۔

فہرست میں نکلسن چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے بعد ٹام ہینکس، بل کوسبی، کلنٹ ایسٹ وڈ اور ایڈم سینڈلر ہیں۔

ایڈم سینڈلر دسویں نمبر پر ہیں اور ان کی دولت کا تخمینہ 34 کروڑ ڈالر ہے۔

اسی بارے میں