کانز کا’پام ڈی اور‘ ترکی کی فلم لے گئی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نوری جیلان نے ایوارڈ لیتے ہوئے یاد دلایا کہ ترکی میں فلم سازی کے100 سال مکمل ہو گئے ہیں

67ویں کانز فلم فیسٹیول میں ترکی کے ہدایت کار نوری بیگے جیلان کی فلم’ ونٹر سلیپ‘ نے ’پام ڈی اور‘ ایوارڈ جیت لیا ہے۔

’ونٹر سلیپ‘ گھریلو کہانی پر مبنی فلم ہے جس میں ایک خاندان برف پوش پہاڑوں پر ہوٹل کا کاروبار چلاتا ہے۔

اس فلم کو 17 دیگر فلموں پر ترجیح دیتے ہوئے فیسٹیول کا سب سے بڑا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

نوری بیگے جیلان نے ایوارڈ کو گذشتہ سال ترکی میں مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد اور رواں ماہ کوئلے کی کان کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 301 کان کنوں کے نام کیا۔

فرانسی ساحلی شہر کانز میں منعقدہ اس فلمی میلے میں برطانیہ کے ٹموتھی سپال کو برطانوی آرٹسٹ جے ایم ڈبلیو ٹرنر کی زندگی پر مبنی فلم ’مسٹر ٹرنر‘ میں اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

ایوارڈ جیتنے پر اداکار سپال نے کہا ہے کہ وہ اس کردار کے لیے موزوں تھے کیونکہ’وہ مزاحیہ اور چھوٹے قد کے تھے اور ایسا ہی میں ہوں۔ میں نے دلہن کی سہیلی کا کردار ادا کرنے کے لیے بہت محنت کی اور پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ میں دلہن بنا۔‘

اس کے علاوہ جولیان مور کو ہالی وڈ ڈائریکٹر کرونن برگ کی مزاحیہ فلم ’میپس ٹو دی سٹارز‘ میں اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بدعنوانی کے بارے میں روسی لوائتھن کو بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بینٹ ملر کو ریسلنگ پر بنائی جانے والی فلم ’فوکس کیچر‘ پر بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔

فیسٹیول میں ہر سال دنیا بھر کی فلم انڈسٹری اور ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے دو لاکھ کے لگ بھگ لوگ شرکت کرتے ہیں اور اس فیسٹیول میں 19 مختلف زمروں میں ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔

اسی بارے میں