ملکہ برطانیہ کی زندگی پر پہلا ڈرامہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نیٹ فلکس کے مطابق ’دی کراؤن‘ ڈرامہ 20 اقساط پر مشتمل ہو گا

برطانیہ کی آن لائن مووی ویب سائٹ’نیٹ فلکس‘دس کروڑ پاؤنڈ کی لاگت سے پہلا برطانوی ڈرامہ ’دی کراؤن‘تیار کر رہی ہے۔

یہ ڈرامہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی زندگی سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔

سنہ 2006 میں فلم ’دی کوئین‘ کی کہانی لکھنے والے مصنف پیٹر مورگن نے ڈائریکٹر سٹیفن ڈالڈری کے ہمراہ اس ڈرامے کا سکرپٹ لکھا ہے۔

نیٹ فلکس اس سے پہلے مشہور امریکی ڈرامے’ہاؤس آف کارڈز‘ کو بھی ترتیب دے چکی ہے اور اسی ڈرامے کے ذریعے برطانیہ میں اس کی سروس کا آغاز ہوا تھا۔

نیٹ فلکس کے مطابق ڈرامہ ’دی کراؤن‘ 20 اقساط پر مشتمل ہو گا۔

اطلاعات کے مطابق نیٹ فلکس نے اس ڈرامے کی ہر قسط کے لیے 50 لاکھ پاؤنڈ کی رقم مختص کی ہے۔

نیٹ فلکس کے یورپی ترجمان جورس ایورز نے بی بی سی کو گذشتہ ماہ بتایا تھا کہ ہمارے صارفین جو چیز زیادہ دیکھنا پسند کرتے ہیں، اس پر توجہ دی ہے اور اپنی سیریز تیار کر رہے ہیں۔

سونی ٹیلی ویژن برطانوی ڈرامہ ’دی کراؤن‘ کو پیش کرے گا اور اس حوالے سے اس کا نیٹ فلکس کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے کے قریب ہے۔

بی بی سی اور آئی ٹی وی نے ڈرامہ ’دی کراؤن‘ کو نشر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

یہ سمجھا جا رہا ہے کہ اس ڈرامے کا سکرپٹ ملکہ برطانیہ کی مختلف وزرائے اعظم سے ہونے والی ملاقاتوں اور بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کرے گا۔

خیال رہے کہ فلم ’دی کوئین‘ میں ڈیم ہیلن کو سنہ 2013 میں لارنس اولیور ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے ڈیم ہیلن فلم ’دی کوئین‘ میں بہترین کارکردگی کے لیے آسکر، بافٹا اور گولڈن گلوب ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔

اسی بارے میں