اکثر مداح زبردست ہوتے ہیں: اینجلینا جولی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ڈزنی کی پیشکش ’ملیفیشنٹ‘ بچوں کی مشہور کہانی سلیپنگ بیوٹی کی تشکیلِ نو ہے

ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ اینجلینا جولی نے کہا ہے کہ اکثر مداح زبردست ہوتے ہیں اور وہ فلم ’ملیفیشنٹ‘ کے پریمیئر کے موقعے پر اپنے شوہر بریڈ پِٹ پر ہونے والے ’حملے‘ کے بعد اپنی سکیورٹی انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گی۔

گذشتہ بدھ کو ’ملیفیشنٹ‘ کے پریمیئر کے موقعے پر ایک شخص کو اداکار بریڈ پِٹ کو چہرے پر گھونسہ مارنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

اینجلینا جولی نے چین میں صحافیوں سے بات کرتے بریڈ پٹ پر حملہ کرنے والے یوکرین کے رپورٹر ویتالی سیدیوک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس شخص جیسے لوگ کم ہوتے ہیں، اکثر مداح بہت زبردست ہوتے ہیں۔‘

جب اینجلینا جولی سے پوچھا گیا کہ کیا اس واقعے کے بعد ان کی جوڑی اب مداحوں کے معاملے میں مزید محتاط رہے گی تو انھوں نے کہا کہ ’نہیں نہیں۔ سالہاسال سے ہمارا مداحوں کے حوالے سے اچھا تجربہ رہا ہے اور ہم ان کی حمایت کے شکر گزار ہیں اور اس واقعے کے بعد ہمارے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔‘

لیکن پیر کو بریڈ پِٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’میں کسی نمائش کرنے والے کی حرکت کو برا نہیں مانتا لیکن اگر یہ شخص اس قسم کی حرکتیں کرتا رہے گا تو اس سے ان مداحوں کے لیے مشکالات پیدا ہوں گی جو رات بھر سیلفی اور آٹو گراف کے لیے انتظار کرتے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے ستارے ہجوم کی طرف جانے میں محتاط ہوں گے۔‘

بریڈ پِٹ نے اس سے پہلے پیپل میگزین کو بتایا تھا کہ سیدیوک ایک ’پاگل شخص ہے جنھوں نے جولی کی فلم ملیفیشنٹ کے پریمیئر کے موقعے پر میری گود میں اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ ap
Image caption ویتالی سیدیوک کو اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے

اس واقعے کے بعد عدالت نے سیدیوک کو پروبیشن یا چال چلن کی آزمائش کے لیے زیرِ نگرانی رکھا اور انھیں نفسیاتی رہنمائی یا کونسلنگ کا حکم دیا۔

بدھ کو حراست میں لیے جانے کے بعد 25 سالہ رپورٹر نے کوئی غیر قانونی کام کرنے کے الزامات کو رد نہیں کیا۔ انھیں اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ سے دور رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔

ڈزنی کی پیشکش ’ملیفیشنٹ‘ بچوں کی مشہور کہانی سلیپنگ بیوٹی کی تشکیلِ نو ہے جس میں اینجیلنا جولی ولن کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

’ملیفیشنٹ‘ کا شمار اینجلینا جولی کی کیریئر اچھی فلموں میں ہوتا ہے، جس نے گذشتہ ہفتے امریکہ میں تقریباً سات کروڑ ڈالر کمائے۔

اسی بارے میں