پریتی زنٹا کا نیس واڈیا پر دست درازی کا مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پریتی زنٹا نے ویر زارا، دل چاہتا ہے اور چوری چوری چپکے چپکے جیسی کئی فلمیں کی ہیں لیکن گذشتہ کئی سال سے وہ آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی حوصلہ افزائی زیادہ کرتی نظر آ رہی ہیں

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آئی پی ایل کی ایک ٹیم کنگز الیون پنجاب کی مالکان میں سے ایک پریتی زنٹا نے معروف صنعت کار نیس واڈیا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔

انھوں نے اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے جنوبی ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، گالی گلوچ کیا اور انھیں ڈرایا دھمکایا جبکہ نیس واڈیا نے اس سے انکار کیا ہے۔

ممبئی پولیس نے 39 سالہ اداکارہ کی شکایات آئی پی سی کی دفعات 354 ، 504، 506 اور 509 کے تحت درج کیا ہے۔

یہ معاملہ ممبئی کے میرین لائن پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں سینئر وکیل انوپ بھٹناگر کے مطابق خواتین کی پاکیزگی کی پامالی کی کوشش میں آئی پی سی کی دفعہ 354 لگائی جاتی ہے۔ انوپ بھٹناگر کا کہنا ہے کہ ’پاکیزگی کی پامالی‘ کی تعریف بہت وسیع ہے۔

ان کے مطابق: ’ہاتھ پکڑنے اور معمولی چھیڑ چھاڑ سے لے کر گالی گلوچ تک کو اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کے معاملات میں ضمانت مکمل طور پر جج کی ایما پر منحصر ہے۔ دہلی گینگ ریپ کیس کے بعد خواتین کے متعلق قوانین میں کی جانے والی ترامیم کے تحت اب اس میں پانچ سال تک کی سزا دی جا سکتی ہے۔‘

Image caption ایک عرصے تک پریتی زنٹا اور نیس میں قربتیں تھیں

پریتی زنٹا کے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیس واڈیا نے کہا ہے: ’میں شکایت پر حیران ہوں اور مجھ پر لگائے جانے والے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہیں۔‘

دریں اثنا پریتی زنٹا نے ایک بیان میں لوگوں سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ پریتی نے اپنے بیان میں کہا ہے: ’یہ میرے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ میں کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی ہوں۔ صرف اپنی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے میں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔‘

یہ واقعہ سیاسی رنگ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر میں حکمراں اتحاد کی ایک پارٹی این سی پی کی خواتین ونگ کی صدر چترا واگا میرین لائن پولیس سٹیشن گئیں اور پولیس سے اس معاملے میں جلد کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیس واڈیا نے پریتی زنٹا کوجان سے مارنے کی دھمکی دی ہے جو سنگین معاملہ ہے اور اس پر جلد کارروائی ہونی چاہیے۔

میرین لائن پولیس سٹیشن میں موجود سب انسپکٹر روکڑے نے ممبئی میں موجود صحافی مدھو پال کو بتایا کہ پریتی زنٹا رات 12 بجے کے بعد اپنے ڈرائیور کے ہمراہ پولیس سٹیشن آئی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption پریتی زنٹا کی ٹیم اس بار فائنل تک پہنچی لیکن وہ کولکتہ نائٹ رائڈرز سے فائنل ہار گئی

پریتی زنٹا کی شکایت کے مطابق ان کے ساتھ یہ واقعہ 30 مئی 2014 کو چنئی سپر کنگز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان ہونے والے ایک میچ کے دوران پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ 44 سالہ نیس واڈیا پریٹی زنٹا کے ساتھ آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں اور دونوں کو ایک عرصے تک انتہائی قریبی دوستوں کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پریتی زنٹا کی تحریری شکایت پر یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب معروف اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نیس واڈیا نے اس ایف آئی آر پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں افسوس ہے کہ پریتی زنٹا ’اس حد تک گر سکتی ہیں۔‘

پریتی زنٹا نے پولیس کے سامنے اپنی شکایات میں کہا ہے کہ ان کے رشتے ٹوٹنے کے بعد بھی نیس واڈیا انھیں پریشان کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں