سانولے رنگ کی وجہ سے تعصب کا سامنا؟

تصویر کے کاپی رائٹ Humshakals
Image caption فلم ہم شکلز اسی ماہ کی 20 تاریخ کو ریلیز ہو رہی ہے

معروف فلم ساز ساجد خان کی فلم ’ہم شکلز‘ میں سیف علی خان کے ساتھ اداکارہ ایشا گپتا نظر آنے والی ہیں۔

ایشا گپتا نے سنہ 2012 میں ’جنت 2‘ سے اپنا کریئر شروع کیا تھا اور ابھی تک مجموعی طور پر پانچ فلمیں کر چکی ہیں۔

بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کے دوران انھوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ انھیں اپنے خاندان میں ہی رنگ کی وجہ سے تعصبات کا شکار ہونا پڑا تھا۔

انھوں نے کہا: ’میری بہن بہت گوری ہے، جبکہ میں سانولے رنگ کی ہوں۔ اسی وجہ سے مجھے اپنے ہی خاندان میں تعصب کا شکار ہونا پڑا۔ ہمیشہ میری بہن کو مجھ سے زیادہ توجہ دی جاتی تھی۔‘

ایشا گپتا نے ممبئی میں صحافی سوپریا سوگلے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے وہ گورے پن کو بالکل پروموٹ نہیں کرتیں۔

انھوں نے ایسے تمام اشتہارات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جن میں گورے پن کو خوبصورتی کا معیار سمجھا جاتا ہے اور اسے بہتر ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

آنے والی فلم میں وہ بکینی میں نظر آنے والی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں اس کے لیے اپنا وزن بہت کم کرنا پڑا تھا تو انھوں نے کہا: ’میں نے کھانے پینے پر کنٹرول رکھا لیکن بہت دبلی پتلی ہونے کی کوشش نہیں کی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Hoture Images
Image caption ایشا گپتا نے فلم جنت 2 سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا

ان کے مطابق ’سائز زیرو فضول اور غیر ضروری ہے۔‘

سیف علی خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’وہ بڑے سٹار ہیں۔ شوٹنگ کے ابتدائی دنوں میں تو میں بڑی نروس تھی۔ لیکن سیف بڑے کول ہیں۔ انھوں نے ہم پر کوئی رعب نہیں ڈالا۔ وہ سیٹ پر زیادہ باتیں نہیں کرتے لیکن ان کے رہنے سے ماحول خوشگوار ضرور رہتا ہے۔‘

اپنی پسندید اداکارہ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انھیں سری دیوی اور آج کے زمانے کی اداکارہ کرینہ کپور، کنگنا رانا وت اور دیپکا پاڈوکون بہت پسند ہیں۔

’ہم شكلز‘ 20 جون کو ریلیز ہو رہی ہے اور اس میں سیف علی خان کے علاوہ کئی کرداروں کے ہم شکل موجود ہیں۔

اسی بارے میں