ریشمیا ناراض، اکشے کبڈّی کے فروغ میں پیش پیش

تصویر کے کاپی رائٹ HR films
Image caption ہیمیش ریشمیا اس بار دھن چوری کرنے کے الزام سے اس قدر ناراض ہیں کہ وہ ہتک عزت کا مقدمہ کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں

بالی وڈ گلوکار اور اداکار ہیمیش ریشميا پر ایک بار پھر گیت چوری کرنے کا الزام لگا ہے جس کے سبب وہ برہم ہیں۔

موسیقار رشی چندا نے ہمیش ریشمیا پر ان کی آنے والی فلم ’ہم شکلز‘ میں ’كالرٹيون‘ گیت کے طرز چوری کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ہیمیش ریشمیا اس بات سے اس قدر ناراض ہیں کہ وہ اب رشی چندا پر ہتکِ عزت کا مقدمہ درج کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔

رشی کا کہنا ہے کہ ہیمیش ریشميا کے گیت کی دھن بنگلہ فلم ’كھوكابابو‘ کے گیت ’سونيے تو جانیے نا‘ سے لی گئی ہے۔

فلم ’ہم شكلز‘ کو واسو بھگناني نے پروڈيوس کیا ہے اور اسی نغمے کے سلسلے میں رشی ان سے ملنے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ ان دو گانوں کے درمیان مماثلت کے بارے میں بھی بتائيں گے۔

اس سے قبل بھی ہیمیش ریشمیا پر گیت کے دھن چوری کے الزام لگتے رہے ہیں جیسے سلمان خان کی فلم ’باڈی گارڈ‘ کے گیت ’تیری میری پریم کہانی‘ کی طرز پر بھی الزام لگایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ سنہ 2005 کے ہٹ گیت ’عاشق بنایا آپ نے‘ کے لیے بھی ان پر اسی قسم کا الزام لگا تھا۔

اکشے کبڈّی کے فروغ میں پیش پیش

تصویر کے کاپی رائٹ hoture images
Image caption اکشے کمار کبڈی کی ورلڈ کپ تقریبات سے منسلک رہ چکے ہیں

انڈین پریمیئر لیگ میں تو سرمایہ کاری کرنے والے بہت سے لوگ ہیں لیکن ہاکی یا کبڈّی جیسے کھیلوں کے فروغ کے لیے سامنے آنے والے معدودے چند ہی ہیں۔

بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کے بعد اب اکشے کمار نے بھی کبڈّی ٹیم میں سرمایہ کاری کی ہے۔

فرق صرف اتنا ہے کہ ابھیشیک بچن کی کبڈّی ٹیم بھارت میں ہی کھیلے گی جبکہ اکشے کمار کی کبڈّی ٹیم ورلڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے بیٹے سكھبير سنگھ بادل کے ساتھ مل کر اکشے کمار کی یہ کبڈّی ٹیم ورلڈ کبڈّی لیگ میں حصہ لے گی۔

اداکار اکشے کمار کی یہ کسی بھی کھیل میں پہلی سرمایہ کاری ہے۔

واضح رہے کہ وہ کبڈّی ورلڈ کپ سے منسلک ہیں اور انھوں نے دوسرے کبڈّی ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب اور تیسرے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم بھی کیا تھا۔

اسی بارے میں