اس سال تینوں خان ایکشن میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس سال سلمان خان کی فلم ’کک‘ کا بھی افتتاح متوقع ہے

اس سال بالی وڈ کے تینوں خان کی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جن میں سلمان خان کی ’کک‘، عامر خان کی ’پی کے‘ اور شاہ رخ خان کی ’ہیپی نیو ایئر‘ شامل ہیں۔

ایسے میں تینوں خان اپنی فلموں کی تشہیر کی بھرپور کوشش کریں گے۔ شاید اسی سخت مقابلے کے پیش نظر شاہ رخ خان نے ’ہیپی نیو ایئر‘ کی مارکیٹنگ کا ذمہ اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شاہ رخ خان امریکہ اور کینیڈا کے کئی شہروں میں فلم ہیپی نیو ایئر میں اداکاری کرنے والے فنکاروں کے ساتھ روڈ شو کریں گے، جہاں وہ اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کریں گے۔

اس سے قبل اس طرح بیرون ملک فلم کا پروموشن کسی دوسرے اداکار نے نہیں کیا۔ امریکہ اور کینیڈا میں شاہ رخ خان کے پرستار کثیر تعداد میں ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سے فلم کو فائدہ ہوگا۔

ریا پلئی کا مقدمہ

Image caption بیٹی کی تحویل کے معاملے پر بھی دونوں کے درمیان مقدمہ چل رہا ہے

بھارت کے معروف ٹینس کھلاڑی لینڈر پیس کی سابق پارٹنر اور ماڈل ریا پلئی نے ان پر تشدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ریا نے لینڈر پیس اور ان کے والد کے خلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ یہ کیس مقامی میٹروپولیٹن میجسٹریٹ کی عدالت میں درج کرایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق ماڈل ریا پلئی نے گزربسر کے لیے چار لاکھ روپے ماہانہ الاؤنس کا مطالبہ کیا ہے۔

ریا نے اپنی شکایت میں لینڈر پیس کے والد پر ممبئی میں کارٹر روڈ پر واقع رہائش گاہ میں داخل ہونے سے انھیں اور ان کی بیٹی کو روکنے کے الزامات بھی لگائے ہیں۔ اس کیس میں 30 جون کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔

لینڈر پیس اور ریا پلئی اپنی آٹھ سال کی بیٹی کی قانونی تحویل کے لیے پہلے سے ہی کیس لڑ رہے ہیں۔

پیس نے گذشتہ ماہ فیملی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے بیٹی کی مستقل تحویل کا مطالبہ کیا تھا۔

اسی بارے میں