بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

سری سانت کا غصہ مادھوری پر!

تصویر کے کاپی رائٹ Colors
Image caption اس شو کے ججز میں اداکارہ مادھوری دیکشت کے علاوہ فلم ساز کرن جوہر اور کوریوگرافر ریمو بھی ہیں

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سری سانت حال ہی میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری دکشت اور كوريوگرافر ریمو ڈيسوزا پر بھڑک اٹھے۔ یہ واقعہ ڈانس ریلٹی شو ’جھلک دكھلا جا‘ کے سیٹ پر رونما ہوا۔

اس شو میں سری سانت بھی حصہ لے رہے ہیں۔

دراصل سری سانت کے ایک ڈانس پرفارمنس کے بعد شو کی جج مادھوری اور ریمو کے ریمارکس سری سانت کو اچھے نہیں لگے۔

انھوں نے مبینہ طور پر مادھوری کے ریمارکس کے جواب میں انھیں ہی کوئی ایسی بات کہہ دی جس سے ماحول بگڑنے لگا۔ تب شو کے تیسرے جج کرن جوہر نے صورتحال کو سنبھال لیا۔

سری سانت اس کے بعد شو کی شوٹنگ چھوڑ کرچلے گئے۔

فی الحال سری سانت پر میچ فکسنگ معاملے میں جانچ جاری ہے اور کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے۔

50 کروڑ کے رتیک

Image caption ممبئی کے سٹیڈیم میں ریتک کے ساتھ گوریکر بھی دیکھے گئے تھے

حال ہی میں بالی وڈ کے معروف ہدایتکار آشوتوش گوريكر نے اپنی فلم ’موہن جودڑو‘ کے لیے رتیک روشن کو سائن کیا اور مبینہ طور پر رتیک کو اس کے لیے 50 کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں۔

آشوتوش کے مطابق جلد ہی وہ اس فلم کے لیے کسی بڑے سٹوڈیو سے معاہدہ کرنے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اتنی زیادہ فیس اب تک کسی فلم کے لیے کسی اداکار نے نہیں لی ہے۔

عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے بڑے سٹارز اپنی فلموں کے لیے کوئی مخصوص فیس نہیں لیتے بلکہ وہ فلم کی آمدنی میں مخصوص حصہ لیتے ہیں۔

سلمان کو ہرن کے شکار کے لیے نوٹس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پندرہ سال قبل ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جودھپور میں ایک کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں سلمان کے علاوہ کئی دوسرے ادکار پر بھی مقدمے جاری ہیں

سنہ 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی راجستھان میں شوٹنگ کے دوران چنكارا یعنی کالے ہرن کا شکار کرنے کے معاملے میں سلمان خان کا کیس ایک بار پھر کھل گیا ہے۔

بھارت کی عدالت عظمی یعنی سپریم کورٹ نے سلمان خان کو اس کیس کے سلسلے میں ایک تازہ نوٹس بھیجا ہے۔

نوٹس راجستھان حکومت کی اس درخواست کے بعد آئي ہے جس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

اس کیس میں اداکار سیف علی خان، اداکارہ تبو، سونالی بیندرے اور نیلم پر سلمان خان کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام ہے۔

سلمان خان پہلے فلمی ستارے نہیں ہیں جن پر ہرن کے شکار کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان سے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فلم سٹار سیف علی خان کے والد نواب منصور علی خان پر بھی نہ صرف ہرن مارنے کا الزام لگا تھا بلکہ ان پر مقدمہ بھی چلا تھا۔

پھر ہوگی پرینکا اور پرینیتی چوپڑہ کی ٹکر

Image caption پرینکا اور پرینیتی چوپڑہ آپس میں کزن ہیں لیکن پیشہ ورانہ مقابلہ دونوں میں جاری رہتا ہے

باکس آفس پر ایک بار پھر پرینکا چوپڑہ اور ان کی کزن پرينیتی چوپڑہ کی ٹکر ہونے والی ہے۔ پانچ ستمبر کو پرینکا کی فلم ’میری کام‘ اور پرينیتی چوپڑہ کی ’دعوت عشق‘ ریلیز ہو رہی ہیں۔

پہلے ’میری کام گاندھی کے یوم پیدائش یعنی دو اکتوبر کو ریلیز ہونے والی تھی۔ لیکن اسی دن وشال بھاردواج کی ’حیدر‘ اور رتیک روشن کی ’بینگ بینگ‘ کے ریلیز ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ان دو فلموں کے مقابلے سے بچنے کے لیے ’میری کام‘ کی ریلیز مجوزہ تاریخ پہلے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سے پہلے گذشتہ سال پرینکا کی ’زنجیر‘ اور پرینیتی چوپڑہ کی ’شدھ دیسی رومانس‘ ایک ہی ساتھ ریلیز ہوئی تھیں۔

’زنجیر‘ تو فلاپ ہوگئی تھی لیکن ’شدھ دیسی رومانس‘ کامیاب رہی تھی۔

اسی بارے میں