شاہ رخ اچھے میزبان ہوں گے: سلمان خان

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سلمان اور شاہ رخ خان ایک افطار پارٹی پر ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے

سلمان خان گذشتہ کئی دنوں سے لگاتار سرخیوں میں ہیں۔

پہلے شاہ رخ خان کے ساتھ رمضان میں گلے ملنے کے لیے، پھر ان کی تعریف کرنے، پھر سپریم کورٹ کی جانب سے کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں نوٹس ملنے کے لیے، اور پھر فوٹوگرافروں کو دو ٹوک جواب دینے کے لیے۔

ان سب کے باوجود ایک چیز بہت نمایاں ہے، اور وہ ہے ان کا شاہ رخ کے لیے بدلا ہوا رویہ۔ ایک بار پھر سلمان خان نے شاہ رخ خان کا نام لیا ہے اور دیکھنا ہے کہ شاہ رخ کی جانب سے اس پر کیسا رد عمل آتا ہے۔

بھارت میں ٹی وی پر پیش کیے جانے والے معروف ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ کی لگاتار کئی سال تک میزبانی کرنے کے بعد سلمان خان کا کہنا ہے کہ اب ان کا دل اوب گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سلمان خان اس کے آٹھویں سیزن میں میزبانی سے کترا رہے ہیں۔ ساتویں سیزن کے دوران وہ میزبانی کرتے ہوئے کئی بار ایسی دھمکی دے چکے تھے۔

سلمان خان سے جب ایک پریس کانفرنس میں یہ سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’ابھی نئے سیزن کے لیے کچھ فائنل نہیں ہوا ہے کہ میں ہوں یا نہیں۔‘

جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کون ان کی جگہ اس کے میزبان ہو سکتے ہیں تو انھوں نے کہا: ’اگر میں اس شو کی میزبانی نہیں کرتا تو میرے خیال میں شاہ رخ خان اس کے اچھے میزبان ثابت ہو سکتے ہیں۔‘

Image caption نرگس فخری کو فلم کک کے ایک گیت میں جگہ ملی ہے ویسے اس فلم کی ہیروئن جیکلن فرنانڈیز ہیں

کہا جاتا ہے کہ سلمان خان کو ’بگ باس‘ کے گذشتہ کئی سیزنوں میں ان کے رویے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔

انھوں نے یہ باتیں اپنی فلم ’کک‘ کے گیت ’ڈیول‘ کے اجرا کے موقعے پر کہیں۔ اس گیت کو ہنی یویو سنگھ نے آواز کا روپ دیا ہے اور سلمان کے ساتھ اس میں اداکارہ نرگس فخری ہیں۔

اس موقعے پر نرگس فخری نے کہا کہ وہ پوری ٹیم کی شکرگزار ہیں: ’میں اس گیت میں اپنی موجودگی کو خوش قسمتی سمجھتی ہوں اور آپ کی شکرگزار ہوں۔ مجھے اس گیت کی عکاسی بہت پسند آئی۔‘

سلمان کی فلم ’کک‘ عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے، لیکن فوٹوگرافر ایسوسی ایشن نے ایک فوٹوگرافر کے ساتھ سلمان خان کے محافظوں کی مبینہ زیادتی اور پھر سلمان خان کے رویے کے خلاف دھمکی دی ہے کہ جب تک وہ معافی نہیں مانگتے، وہ ان کی تصویرکشی اور فلم کی ریلیز سے دور رہیں گے۔

اسی بارے میں